شمالی ہند میں نفرت زیادہ ہے: ارشد مدنی

   

نئی دہلی : آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر کی حیثیت سے انتخاب کے بعد مولانا ارشد مدنی نے کہا ہیکہ سماج کے تمام طبقات کو فرقہ واریت کے خلاف لڑنے متحد ہونا چاہئے اور تنہا مسلمان نفرت سے نہیں لڑ سکتے جسے بالخصوص شمالی ہند میں چند عناصر پھیلا رہے ہیں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ جنوبی ہند کے مقابل شمال میں ماحول کو تیزی سے بگاڑا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومتوں کے طرز عمل پر سوال اٹھایا جو تعصب و تنگ نظری کے ساتھ کام کررہی ہیں۔جنوبی ہند کے مقابل شمال میں فرقہ واریت اور نفرت کے کھیل کی وضاحت کرتے ہوئے مولانا مدنی نے کہا کہ اس کی بڑی وجہ سیاسی مفادات ہے۔ اشتعال انگیزی اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے بیانات دیئے جاتے ہیں تاکہ سماجی سطح پر فرقوں کی زمرہ بندی کردی جائے جس سے اکثریتی برادری کو اقلیت سے مکمل طور پر الگ کرتے ہوئے ناپاک منصوبوں پر عمل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے عناصر معمولی تعداد میں ہے جو بڑی اکثریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ شرعی قوانین میںمداخلت بھی درحقیقت یہی سیاست پرمبنی ہے۔