نئی دہلی : سنٹرل انسٹی ٹیوٹ فارسب ٹراپیکل ہارٹیکلچر (سی آئی ایس ایچ)لکھنئو نے شمالی ہندوستان میں خریف پیاز پیداوارکی تکنیک تیار کرلی ہے جس سے کسانوں کو زیادہ سے زیادہ معاشی فائدہ ہوگا۔ انسٹی ٹیوٹ نے کسانوں کے کھیتوں میں خریف پیاز کوکامیابی کے ساتھ اس وقت تیارکیا ہے جب مانگ میں اضافہ اور محدودفراہمی کے سبب اس کی بازارقیمت زیادہ ہے ۔انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر شیلندرراجن کے مطابق گزشتہ کئی برسوں سے ایسادیکھاگیا ہے کہ بارش کے موسم کے ساتھ ساتھ پیاز کی قیمتیں بڑھنے لگتی ہیں۔ ماحول میں زیادہ درجہ حرارت اور نمی کے سبب پیاز پھوٹنے اورسڑنے لگتی ہے جس کی وجہ سے اسے زیادہ دنوں تک ذخیرہ کرپانا مشکل ہوتا ہے ۔ ایسی صورت حال میں قیمت میں اضافہ اگلی پیداوار تک ہوتا رہتا ہے ۔عموماً شمالی ہندوستان میں پیاز کی فصل مارچ۔اپریل میں تیارہوتی ہے اور کسان کو اچھی قیمت بھی نہیں مل پاتی ہے ۔ مہاراشٹر میں کسان پہلے ہی خریف پیاز تیارکرکے نفع حاصل کررہے ہیں۔