شمس آباد ایر پورٹ کو بم اڑادینے کی دھمکی آمیز ای میل، حفاظتی اقدامات میں اضافہ

,

   

حیدرآباد: شمس آباد ایر پورٹ کے سیکوریٹی آپریشنس کنٹرول کو آج ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا جس میں ایئر پورٹ کو بم سے اڑادینے کی دھمکی دی گئی۔ یہ انتباہ ملتے ہی ایر پورٹ انتظامیہ فوراً حرکت میں آگیا اور تلنگانہ پولیس‘ سی آئی ایس ایف‘ آر ڈی / بی سی اے ایس‘ جی ایچ آئی اے ایل انتظامیہ‘ ٹرمنل مینیجر کے اعلی عہدیداروں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔

ڈی سی پی شمس آباد این پرکاش ریڈی نے کہا کہ اس سلسلہ میں کی گئی شکایت کی بنیاد پر انسداد بم اسکواڈ کی جانب سے ایر پورٹ کی مکمل تلاشی لی گئی۔تاہم یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔ڈی سی پی نے کہا کہ سائبر پولیس ای میل ارسال کرنے والے کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمس آباد ایئر پورٹ پر کوئی خطرہ کی بات نہیں ہے۔