سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے گول چوک میں کلاک ٹاور کی تعمیر لگ بھگ مکمل ہو چکی ہے ۔ یہ کلاک ٹاور جہاں طرز تعمیر کے لحاظ سے اپنی نوعیت کے منفرد ٹاور ہے وہیں یہ لوگوں کو صرف وقت ہی نہیں بلکہ کئی دوسری اہم معلومات بھی فراہم کرے گا۔ اسٹننٹ ایگزیکیٹوانجینئر آر اینڈ بی نیاز احمد ملک نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ اس ٹاور کی تعمیر کا 99 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹاور کا باقی مانندہ کام ایک ہفتے کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔ میونسپل کونسل شوپیاں کے ذریعہ تعمیر ہونے والے اس 52فٹ اونچے ٹاور کا ڈیزائن رفیع ثاقب آرکیٹکٹس نے تیار کیا ہے اور اس کی تعمیر محکمہ آر اینڈ بی کی نگرانی میں ہو رہی ہے۔ گول چوک، جس کو ایک تاریخی حیثیت حاصل ہے اور جو لوگوں کی آمد ورفت کا خاص مرکز ہے ، میں تعمیر ہونے والا یہ ٹاور اپنی ساخت کے لحاظ سے جموں و کشمیر کا پہلا سہ کونی ٹاور ہے ۔