شہر اور اضلاع کے کئی مقامات پر تاحال فیور سروے نہیں کیاگیا

   

حکومت سے صد فیصد سروے کرنے کا دعویٰ، کئی افراد بخار سے متاثر

حیدرآباد۔30 جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ہونے والے فیور سروے کے متعلق پرانے شہر کے علاوہ ریاست کے کئی علاقو ںکے عوام میں شبہات پائے جانے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ فیور سروے بھی ٹیکہ اندازی کی طرح کیا جا رہاہے اور ٹیکہ اندازی کے 100 فیصد مکمل ہونے کے دعوے کی طرح فیور سروے کے متعلق بھی دعوے کردیئے جانے کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں شروع کئے گئے فیور سروے کے اعداد و شمار جاری کئے جا رہے ہیں لیکن شہر حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں اب تک سروے کرنے والوں کے پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور جب متعلقہ عہدیداروں سے رابطہ کیا جارہاہے تو کہا جا رہاہے کہ ان کے علاقوں میں سروے مکمل کیا جاچکا ہے اور ادویات کی تقسیم عمل میں لائی جاچکی ہے۔ شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میں اب بھی ہزاروں کی تعداد میں ایسے افراد موجود ہیں جو کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے پہلا ٹیکہ بھی حاصل نہیں کئے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے 100 فیصد تلنگانہ کے شہریوں کو ٹیکہ اندازی مکمل کرلئے جانے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے اسی طرح فیور سروے کے متعلق بھی شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جا رہاہے کہ ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے فیور سروے کے متعلق بھی اعداد و شمار پیش کردیئے جائیں گے اور ان اعداد و شمار کی پیشکشی کے ساتھ فیور سروے کی تکمیل کا دعویٰ کردیا جائے گا۔ ابتداء میں محکمہ صحت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں آشاورکرس اور جی ایچ ایم سی عملہ کے علاوہ دیگر عہدیداروں کی نگرانی میں فیور سروے کرتے ہوئے عملہ نظرآیا لیکن اب کسی کسی مقام سے محض تصویریں موصول ہورہی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ فیور سروے جاری ہے ۔ پرانے شہر کے علاقوں میں بڑی تعداد میں شہریوں کا کہناہے کہ ان کے علاقوں میں فیور سروے مکمل نہیں ہوا ہے اور جب متعلقہ سرکل آفیسرس سے رابطہ کیا جا رہاہے تو وہ کہہ رہے ہیں کہ وہ بستی دواخانہ سے رجوع ہوتے ہوئے ادویات حاصل کرلیں جبکہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق ریاست بھر میں گھر گھر پہنچ کر فیور سروے کیا جانا ہے اور حکومت نے عوام کو گھر کی دہلیز پر طبی سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو جی ایچ ایم سی حدود میں جاری فیور سروے کے دوران پرانے شہر پر توجہ دینے کے لئے ہدایات جاری کرنی چاہئے ۔پرانے شہر کی گنجان آبادیوں میں بھی بڑے پیمانے پر فیور سروے میں شدت لاتے ہوئے ان لوگوں کو ادویات کی فراہمی ناگزیر ہے جن میں علامات پائی جارہی ہیں۔م