حیدرآباد ۔ 24 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد میں فوڈسیفٹی سے متعلق بڑھتی تشویش کے پیش نظر فوڈسیفٹی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے شہر میں مختلف اسکولس اور کالجس کے ہاسٹلس پر دھاوے کئے۔ جی ایچ ایم سی کے ایک حکم کے مطابق فوڈسیفٹی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے 21 اور 24 اگست کے درمیان کم از کم 28 خانگی اور گورنمنٹ ریسیڈنشیل اسکولس اور کالجس کے ہاسٹلس پر دھاوے کئے جس میں کچن، پکوان کے برتن، اسٹوریج ایریا، تیار غذائی اشیاء، خام میٹریلس، صحت، صفائی وغیرہ کے معائنے کئے گئے۔ ایل بی نگر زون میں چار ریسیڈنشیل ہاسٹلس، چارمینار میں چھ ہاسٹلس، خیریت آباد میں پانچ، سیری لنگم پلی میں پانچ، کوکٹ پلی میں چار اور سکندرآباد میں چار ہاسٹلس میں معائنے کئے گئے جس میں کئی بے قاعدگیوں کا پتہ چلا جیسے طلبہ کی زیادہ تعداد، کچنس، اسٹور رومس، واش رومس اور ٹائلیٹس میں ناقص حفظان صحت، پینے کے پانی کی کمی، رومس میں ناقص روشنی وغیرہ۔ حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی ہاسٹلس پر دھاوے کرتے ہوئے فوڈسیفٹی سے متعلق انسپیکشن کیا گیا۔