شہر میں 5 نئے لنک روڈس جلد ہی کھل جائیں گے

   

حیدرآباد ۔ 17 ستمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے ویسٹ زون میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے اور سفر کے وقت کو کم کرنے کیلئے کئی لنک روڈس تعمیر کئے گئے ہیں اور فی الوقت مزید پانچ لنک روڈس کی تعمیر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور یہ جلد ہی عوام کیلئے کھول دینے کیلئے تیار ہوں گے۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے مطابق جی ایچ ایم سی کے حدود میں پانچ مقامات پر 92.54 کروڑ روپئے لاگت سے بنائے جارہے لنک روڈس آئندہ دو یا تین مہینوں میں مراحل میں عوام کے استعمال کیلئے کھول دیئے جائیں گے۔ ناگول میں موسیٰ رام باغ تا اپابھگوت لے آؤٹ میں علی کیفے پر تعمیر کی جارہی لنک روڈ کے 70 فیصد کام مکمل ہوگئے ہیں۔ اس دوران عہدیداروں نے دو مہینوں میںان لنک روڈس کے کاموں کو مکمل کرنے کیلئے تیزی پیدا کردی ہے۔ علی کیفے سے تعمیر کی جانے والی 1.3 کیلو میٹر طویل لنک روڈ سے گاڑی والوں کیلئے کافی راحت اور سہولت ہوگی۔ جوبلی ہلز روڈ نمبر 5 کو اس علاقہ میں روڈ نمبر 2 سے جوڑتے ہوئے ایک 400 میٹر کی لنک روڈ بنائی جارہی ہے۔ یہ روڈ اناپورنا اسٹوڈیو کے قریب سے گذرتی ہے۔ یہ روڈ ستمبر کے ختم تک استعمال کیلئے تیار ہوگی۔ اس سے یوسف گوڑہ، کرشنا نگر، اندرا نگر اور وینکٹاگیری علاقوں میں رہنے والوں کو فائدہ ہوگا۔ کرانتی وانم لے آوٹ تا بھاگیہ لکشمی لے آوٹ 2.4 کیلو میٹر طویل لنک روڈ کا کام جنگی خطوط پر کیا جارہا ہے۔ عثمان ساگر اور وٹی ناگولاپلی اور ڈالر ہلز کو بھی نیک نام روڈ سے ملاتے ہوئے ایک اور 3.6 کیلو میٹر طویل لنک روڈ اور ایک اور 2.5 کیلو میٹر روڈ جو سن سٹی۔ ٹی این ٹی کالونی۔ راجندر نگر کو ملائی ہے، کا کام تیزی سے جاری ہے۔ بنڈلہ گوڑہ اور فتح اللہ گوڑہ سے ورنگل نیشنل ہائی وے پر پہنچنے کیلئے براہ ناگول جنکشن سے گذرنا پڑتا ہے۔ اس لئے فتح اللہ گوڑہ سے پیرزادی گوڑہ تک ایک 2.6 کیلو میٹر لنک روڈ تعمیر کی جارہی ہے جس سے 5 کیلو میٹر تک فاصلہ کم ہوگا۔ آوٹر آئی ٹی کاریڈر سے لینکو ہلز تک 3.70 کیلو میٹر طویل لنک روڈ جو آئی ایس بی امریکی قونصلیٹ سے مربوط کرے گی اس ماہ کے ختم تک پوری ہوجائے گی۔