استعمال کے رجحان میں اضافہ کے پیش نظر جی ایچ ایم سی کا اقدام
حیدرآباد۔یکم۔جولائی (سیاست نیوز) الکٹرانک وہیکل کے استعمال میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے شہرحیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے الکٹرانک وہیکل چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ بلدی حدود میں الکٹرانک موٹر وہیکل مالکین کو سہولت کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات یقینی بنانے کی کوشش کی جار ہی ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے ریڈکو کے تعاون واشتراک سے دونوں شہرو ںمیں چارجنگ اسٹیشنوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔جی ایچ ایم سی کمشنر مسٹر لوکیش کمارنے شہر حیدرآباد کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنانے کے اقدامات کے طور پر شہر میں الکٹرانک وہیکلس کو فروغ دینے کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الکٹرانک وہیکل استعمال کرنے والوں کو درکار سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاتی ہے تو ایسی صورت میں الکٹرانک وہیکل کے استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا ۔بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی اور ریڈکو کے عہدیداروں نے فوری طور پر 14مقامات پر الکٹرانک وہیکل چارنگ اسٹیشن کے قیام کے اقدامات کئے ہیں جبکہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کے مطابق 278 مقامات کی نشاندہی کی گئی جہاں آئندہ 1 سال کے دوران الکٹرانک وہیکل چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے الکٹرانک گاڑیوں کو فروغ دینے کے لئے جو پالیسی تیار کی ہے اس پالیسی کے حصہ کے طور پر ریاستی حکومت کے مختلف اداروں بالخصوص ریڈکو اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ماہرین کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد میں الکٹرانک گاڑیوں کے رجحان میں اضافہ ہوتا ہے تو ایسی صورت میں شہر میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ ان چارجنگ اسٹیشنوں کے لئے زیادہ جگہ درکار نہ ہونے کے سبب بلدیہ نے اپنے شہریوں کو یہ سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔م