ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر ۔ عوام کی گھروں میں رہنے کو ترجیح
حیدرآباد 17 نومبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں رات کے اوقات میں سردی کی لہر میں اضافہ کے ساتھ ہی کئی علاقو ںمیں رات دیر گئے ٹریفک و شہریوں کی آمد و رفت ماند پڑچکی ہے اور شہری جلد گھروں کو روانہ ہونے لگے ہیں۔شہر کے کئی علاقوں میں رات دیر گئے جہاں چہل پہل ہوا کرتی تھی ان علاقوں میں سناٹا چھانے لگا ہے اور شہری گھروں کو روانہ ہونے لگے ہیں۔دونوں شہروں کے نواحی علاقوں اپل‘ بندلہ گوڑہ ‘ راجندرنگر‘ عطا پور‘ شمس آباد‘ ناگول‘ آر سی پورم‘ ابراہیم پٹنم‘ ونستھلی پورم و دیگر میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں کافی گراوٹ آرہی ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق شہر میں 15 نومبر سے درجہ حرارت میں گراوٹ کے ساتھ سردی کی لہر میں اضافہ کے امکانات تھے لیکن گذشتہ دو یوم کے دوران درجہ حرارت میں اس قدر گراوٹ ریکارڈ نہیں کی گئی جتنی گذشتہ یوم ریکارڈ کی گئی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ شام کے ساتھ ہی سرد ہوائوں کے سبب شہری مکانات کا رخ کرنے لگے ہیں اور رات دیر گئے بس اسٹیشن کے علاوہ دیگر مقامات پر موجود افراد کو آگ تاپتے دیکھا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جاریہ ہفتہ کے دوران شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں سردی کی لہر جاری رہے گی اور ضلع میدک ‘ نرمل ‘ عادل آباد کے علاوہ دیگر علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر متوقع گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور شہر حیدرآباد کے نواحی و مضافاتی علاقوںمیں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کے امکان ہیں۔م