حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کی جانب سے شہر میں مزید 9 ہمہ مقصدی فنکشن ہالس تعمیر کئے جارہے ہیں تاکہ کم اور متوسط آمدنی والے گروپس کو قابل گنجائش چارجس پر ان کی تقاریب اور شادیاں کرنے میں مدد ہو ۔ یہ نو فنکشن ہالس جو تعمیر کئے جارہے ہیں وہ ان مقامات پر ہوں گے ۔ ( 1 ) ایچ ایف نگر II ، رحمت نگر ، ( 2 ) وینگل راؤ نگر ڈیویژن میں ایپا گراونڈ ، ( 3 ) ٹی ایس آئی آئی سی کالونی ، گاجو لارامارم ( 4 ) والی بال کورٹ لالہ پیٹ ( 5 ) پاٹی گڈہ ( 6 ) پاپی ریڈی کالونی میں راجیو سواگروہا ارمبھ ٹاون شپ ( 7 ) گوپن پلی ، گچی باولی ( 8 ) جمعرات بازار اور ( 9 ) سکندرآباد میں اڈہ گٹہ ۔ جی ایچ ایم سی کے ان فنکشن ہالس میں ماڈرن کچن ، پارکنگ سہولت ، پینے کا پانی ، بہتر باتھ رومس ، ٹائیلٹس ، کمپاونڈ وال ، کمیونٹی ہال جیسی سہولتیں ہوں گی ۔ مئیر حیدرآباد گدوال وجئے لکشمی نے کہا کہ ہمہ مقصدی فنکشن ہالس کی تعمیر کا اصل مقصد غریب لوگوں کو کم خرچ میں ان کی شادیاں اور تقاریب منعقد کرنے میں مدد کرنا ہے ۔ شہر میں منظورہ 25 فنکشن ہالس میں اب تک نو کو دستیاب بنایا گیا ہے اور نو تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں ۔ جی ایچ ایم سی اسٹانڈنگ کمیٹی نے مزید سات فنکشن ہالس کی تعمیر کی منظوری دی ہے اور ان کی تعمیر کیلئے ٹنڈر طلب کرنے کا عمل جاری ہے ۔۔