شہر میں موسمی تبدیلی کے ساتھ وبائی امراض میں تیزی

   

مچھر و مکھیوں کی افزائش میں اضافہ، احتیاط برتنے عوام سے اپیل
حیدرآباد۔4۔جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں موسمی تبدیلی کے ساتھ ہی وبائی امراض میںتیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور شہریوں میں اعضاء شکنی ‘ بخار ‘ کھانسی کے علاوہ دیگر عوارض کے ساتھ مریض ڈاکٹرس سے رجوع ہونے لگے ہیں ۔ بتایا جاتاہے کہ دونوں شہروں میں موسم کی تبدیلی کی ساتھ ہی مچھر و مکھیوں کی افزائش میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے جس کے نتیجہ میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔ محکمہ صحت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہریوں میں موسمی تبدیلی کے نتیجہ میں پھیلنے والے امراض کی روک تھام کے لئے شعور بیداری کا آغاز کیا جاچکا ہے اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی قوت مدافعت کو مستحکم بنانے والی اشیائے خورد و نوش کے استعمال کے علاوہ صحتمند رہنے کے لئے اپنے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا بنائے رکھنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔محکمہ صحت کے علاوہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے فراہم کی جانے والی اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد کے سرکاری دواخانوں میں سردی ‘ بخار کے علاوہ دیگر موسمی تبدیلیوں کی شکایات کے ساتھ رجوع ہونے والے مریضوں کی تعداد میں 20تا30 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔ ماہر اطباء اور محکمہ صحت نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ موسمی تبدیلی کے سبب ہونے والے امراض کا اپنے طور پر علاج کرنے کی کوشش نہ کریں اور نہ ہی میڈیکل ہال سے صورتحال بتا کر ادویات حاصل کرتے ہوئے استعمال کریں بلکہ ڈاکٹرس سے رجوع کرتے ہوئے اپنے مرض کی تشخیص کے بعد ہی ادویات کے استعمال کو ترجیح دیں تاکہ انہیں دیگر کسی طرح کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں موسمی تبدیلیوں کے سبب پھیلنے والے امراض سے بچاؤ اور احتیاط کے سلسلہ میں جاری کی جانے والی ہدایات میں کہاگیا ہے کہ گھروں میں موجود پودوں کے اطراف پانی جمع ہونے نہ دیں بلکہ جتنا ممکن ہوسکے پانی کو صاف کرنے کے اقدامات کریں علاوہ ازیں بارش کے پانی کے جمع ہونے کے مقامات کی صفائی کے ذریعہ مچھروں کی افزائش کے علاوہ مکھیوں کی تعداد کو کم کرنے میں تعاون کریں ۔ گھروں میں برتن بالخصوص پینے کے پانی کو ڈھانک کررکھنے کا اہتمام کرنے کے علاوہ صفائی کو روز کا معمول بنالیں۔3