ایڈیشنل کمشنر دفتر کے گھیراؤ کی کوشش، کارکنوں کی گرفتاری
حیدرآباد ۔21 ۔ نومبر (سیاست نیوز) شہر میں ٹریفک پولیس کے بڑھتے چالانات کے خلاف مہیلا کانگریس نے آج احتجاج منظم کیا ۔ ’’نو ٹو چالانس‘‘ کے نعرہ کے تحت صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی قیادت میں گاندھی بھون سے ایڈیشنل کمشنر پولیس کے دفتر تک ریالی منظم کرنے کی کوشش کی گئی۔ مہیلا کانگریس کارکنوں نے ایڈیشنل کمشنر کے دفتر کے گھیراو کا اعلان کیا گیا ۔ جیسے ہی احتجاجی کارکن گاندھی بھون سے باہر نکلنا چاہتے تھے ، پولیس کی بھاری جمیعت نے رکاوٹ پیدا کردی۔ مہیلا کانگریس قائدین اور پولیس کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ کئی کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اس موقع پر سنیتا راؤ نے کہا کہ حکومت خالی خزانہ کو ٹریفک چالانات کے ذریعہ پر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کے نام پر ہزاروں روپئے جرمانہ عائد کیا جارہا ہے ۔ غریب اور متوسط طبقات کے علاوہ چھوٹے تاجر پولیس کے رویہ سے عاجز آچکے ہیں۔ شہر میں پولیس چالانات کا سلسلہ فوری بند کرنے کیلئے مہیلا کانگریس نے احتجاج منظم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ٹریفک چالانات سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے اشتراک سے احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی۔ر