شہریت ترمیمی بل مذہب کی بنیاد پر ملک کی تقسیم کا سبب

   

پیاز کی قیمت پر اعلیٰ سطحی اجلاس کا مطالبہ، ملو روی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔10۔ڈسمبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے نائب صدر ملو روی نے کہا کہ شہریت ترمیمی بل ملک کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کردے گا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کو عوامی مسائل سے زیادہ مذہبی ایجنڈہ پر عمل آوری کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پیاز اور دیگر غذائی اجناس کی بڑھتی قیمتوں سے عوام پریشان ہیں لیکن مودی حکومت نے شہریت ترمیمی بل کو عجلت میں منظور کیا ہے۔ عوام اور اپوزیشن کی مخالفت کی پرواہ کئے بغیر لوک سبھا میں بل پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو شہریت ترمیمی بل اور این آر سی سے زیادہ قیمتوں پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ پیاز کی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکامی کی وجوہات کیا ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے پیاز کی قیمت پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاست میں حکومت نے رعایتی قیمت پر پیاز کی فروخت کا انتظام کیا ہے۔ چیف منسٹر کو چاہئے کہ اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے قیمتوں میں کمی کے اقدامات کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ قیمتوں پر قابو پانے میں مرکزی اور ریاستی دونوں حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں۔ پیاز کی بلیک ما ر کیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے میں ناکامی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس گریجنوں اور لمباڑہ طبقہ میں تصادم کو ہوا دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریجن طبقہ کے مسائل کے حل میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت نے گریجنوں کو اراضی تقسیم کرنے اور 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک دونوں وعدوں پر عمل آوری نہیں کی گئی۔