شیشہ و تیشہ

   

انور مسعود
گیس
جو چوٹ بھی لگی ہے وہ پہلے سے بڑھ کے تھی
ہر ضربِ کربناک پہ میں تِلمِلا اُٹھا
پانی کا، رسوئی گیس کا، بجلی کا، فون کا
بِل اتنے مِل گئے ہیں کہ میں بِلبِلا اُٹھا
…………………………
یاور علی محورؔ
مزاحیہ غزل !!
ہنس کے جی لو جناب تھوڑی ہے
زندگی بے حساب تھوڑی ہے
ہے زمانے میں احترام بڑا
گھر میں عالی جناب تھوڑی ہے
بن گیا ہے ذرا وہ ایم ایل اے
ورنہ عزت مآب تھوڑی ہے
بولنے کا جو مل گیا موقع
بک رہا ہے ، خطاب تھوڑی ہے
کسی ڈاکو سے کم نہیں لیکن
ڈاکٹر وہ خراب تھوڑی ہے
دعوتوں میں ہی ڈٹ کے کھاتا ہے
اُس کی عادت خراب تھوڑی ہے
فون مہنگا مگر خریدے گا
کوئی اُردو کتاب تھوڑی ہے
ساری رعنائیاں نمایاں ہیں
چہرہ کچھ بے نقاب تھوڑی ہے
گھر میں رکھتا ہے وہ حسین عذاب
کوئی خانہ خراب تھوڑی ہے
چندہ خوروں کی ہوگئی چاندی
اُن کو دینا حساب تھوڑی ہے
سچ کہوں گا میں روبرو محورؔ
کچھ مجھے اجتناب تھوڑی ہے
…………………………
سانحہ !
بیوی : ہم اپنی شادی کی دسویں سالگرہ پر ایک بکرا کیوں نہ ذبح کرلیں۔‘‘
شوہر : ’’ نہیں بیگم ! میں دس سال پہلے ہونے والے سانحہ کا بدلہ ایک بے زبان جانور سے نہیں لے سکتا !‘‘
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
لافانی محبت …!!
٭ ایک صاحب کی بیوی مائیکہ سے واپس آرہی تھی ، ٹرین رُکتے ہی وہ صاحب ڈبہ میں گھسے سارا سامان قلی کو سونپا اور باہر نکلنے کی تیاری کرنے لگے ۔ بیوی کو یہ ٹھنڈا استقبال پسند نہیں آیا وہ چڑکر بولی ذرا ہنس کر مجھے ریسیو کرلیتے تو کیا ہوتا ؟ ذرا سامنے دیکھو شاہ رُخ خان کو دیپکا پڈوکون کو کیسے ہنستے ہوئے ریسیو کررہا ہے…!!
وہ صاحب زور زور سے چلاکر بولے ، اُن کی محبت صرف 3 گھنٹے کی ہے لیکن میری محبت لافانی ہے …!!
رشید شوق ۔ بانسواڑہ
…………………………
لاٹری…!!
٭ بیوی نے خاوند سے کہا کہ فرض کرو کہ تمہاری ایک کروڑ کی لاٹری نکلے اور اسی دن ڈاکو مجھے کڈ نیپ (اغواء ) کر کے ایک کروڑ کی ڈیمانڈ کر دیں تو تم کیا کرو گے؟
خاوند نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں اتنا بھی خوش نصیب نہیں کہ میری ایک ہی دن میں 2، 2 لاٹریاں نکلیں…!!
محمد امتیاز علی نصرتؔ۔ پداپلی
…………………………
اندازہ !
بیوی : کیا کررہے ہو ؟
شوہر : چوہے مار رہا ہوں
بیوی : کتنے چوہے مارے ؟
شوہر : دو Male اور تین Female جملہ پانچ ۔
بیوی : وہ کیسے ؟
شوہر : 2 چوہے شراب کی بوتل کے پاس تھے اور 3چوہے آئینہ کے پاس …!!
عمران خان ۔ سنگاریڈی
…………………………
کیا وجہ ہے ؟
ٹیچر طلبہ سے : بتاؤ بچو ! لڑکی کی شادی 18 سال بعد اور لڑکے کی 21 سال بعد کیوں شادی کی جاتی ہے ؟
ایک لڑکا : کیونکہ لڑکا عمر میں بڑا اور لڑکی چھوٹی ہونی چاہئے ۔
ایک لڑکی : نہیں بیوقوف! اس لئے نہیں ! اس کی وجہ یہ ہے کہ لڑکی کو عقل 18 سال بعد اور لڑکے کو 21 سال بعد آتی ہے !
سید سمیع ، شکیلہ ، لبنیٰ ۔ گائتری ہلز
…………………………