شیشہ و تیشہ

   

چھورا چھوڑی …!!
دکن کے مایہ ناز شاعر سلیمان خطیبؔ کی اس ماہ یوم پیدائش ( 26 دسمبر 1922) کی مناسبت سے اُن کی مایہ ناز نظم ’’چھورا چھوری‘‘سلسلہ وار پیش خدمت ہے …:
لڑکی کی ماں
بولو خالہ مزاج کیسے ہیں؟
کتنے برسوں کے بعد آئی ہو؟
مِسّی ہونٹوں پہ آنکھ میں کاجل
جیسے پیغام کوئی لائی ہو؟
اُنگلی ناخن کا کچھ تو ناطہ ہے
اپنا اپنوں کے گھر کو آتا ہے
لڑکے کی ماں
ایدے…!
میرے چھورے کو چھوری ہونا ہے
میرا چھورا تو پکّا سونا ہے
تمے دِل میں ذرا نکّو سوچو
ہات آیا سو ہیرہ کھونا ہے
چار لوگاں میں اُس کی ابرو ہے
جیسے کیوڑے کے بن میں خوشبو ہے
کھُلّے دِل کی ہوں سب بتاتی ہوں
کھُلّا مکلاچ میں بتاتی ہوں
تمے کان تو بی لڑتے بیٹھیں گے
بات پہلیچ میں بتاتی ہوں
چھورا نکٹا ہے ذرّا ڈُلّا ہے
سیدھی آنکھی میں اُس کی پھُلّا ہے
مُنھ پو چیچک کے خالی داغاں ہیں
رنگ ڈانبر سے جَرّا کھُلّا ہے
ناک نقشے کا کِتّا اچھا ہے
میرا بچہ تو بور بچہ ہے
جاکو لندن سے جہاز میں آیائے
سچّے باوا کا سچّا بیٹا ہے
اُس کے دادا بی سو پو بھاری تھے
یوں تو کم ذات کے مداری تھے
کنولے جھاڑوں کی سیندھی پیتے تھے
کیا سلیقہ کا جینا جیتے تھے
پی کو نکلے تو جھاڑ دیتے تھے
باوا دادا کو گاڑ دیتے تھے
اچھے اچھے شریف لوگاں کے
جڑ سے پنجّے اُکھاڑ دیتے تھے
بائی کاں دروازے بند کرتے تھے
بچے گوداں میں ڈر کو مرتے تھے
گانجہ جنّت میں گنج ملنے دیو
دم لگانے کی اُن کو عادت تھی
اللہ اُن کو کلال کرنے دیو
پینے کھانے کی اُن کو عادت تھی
…………………………
آئی فون …!؟
٭ ایک آدمی نے آئی فون بیچ کر پستول خرید لیا ، اب وہ اس پستول سے پندرہ آئی فون لے چکا ہے …!!
نجیب احمد نجیبؔ ۔ حیدرآباد
…………………………
حال کیسا ہے جناب کا …!؟
٭ ایک کنوارے نے ایک شادی شدہ بے چارے سے دریافت کیا :
’’حال کیسا ہے جناب کا …!!‘‘
شادی شدہ نے سرد آہ بھرتے ہوئے کہا :
کیا خیال ہے آپ کا …
افسوس کہ ہم شادی کرگئے …!
جیتے جی یہی سمجھ لو کہ ہم مرگئے …!
خورشید جہاں بیگم ۔ عادل آباد
…………………………
نون غنہ کی اہمیت …!!
شوہر : آج اتوار ہے کپڑے دھو دو …!
بیوی : (غصہ سے ) کیا کہا …!؟
شوہر : (گھبراکر) آج اتوار ہے کپڑے دھو دوں …!!
محمد عبدالرزاق ۔ آصف نگر
…………………………
بچے ہمارے عہد کے …!!
ماں بیٹے سے : کیکو ( کیوں ) رو را …!؟
بیٹا : ٹیچر میرے کو ماری …!
ماں : کیکو ماری وہ چڑیل …!؟
بیٹا : میں اُس کو مرغی بولا…!
ماں : کیکو بولا …!؟
بیٹا : کیکو بولے تو ! ہر ایگزام میں انڈا دے ری میرے کو …!!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………
بھوک …!
٭ ڈاکٹر نے بیمار سے پوچھا تمہیں کیا بیماری ہے ؟ بیمار : مجھے کھانے کے بعد بھوک نہیں لگتی ۔
ریشماں کوثر ۔ دیورکنڈہ
…………………………