عبدالقدوس رضوانؔ
ضروری ہے …!!
ہاتھ میں لیڈروں کے ڈائری ہے
کیوں نہ ہو یہ بہت ضروری ہے
لکھی جاتی ہے بات مطلب کی
کونسے بار ، کس کی باری ہے
مئے کے ، پیسوں کے بدلے ووٹ لیا
چال اُس نے چلی جو گہری ہے
سب کی چاہت ہے وہ بنے نیتا
وہ جو ہنس مکھ ہے ، خوب گوری ہے
ہے اسی سرزمین کا رضواںؔ
ملکِ ہندوستان کا شہری ہے
…………………………
…خبر پہ شوشہ …
یک نہ شد دوشد …!
٭ ایرپورٹس پر ممنوع اشیاء ساتھ لانے والے مسافروں کو کسٹمز یا دیگر سرکاری ایجنسیز دھر لیتی ہیں۔ لیکن ایک نیوز چینل پر پیش ویڈیو کے مطابق حیدرآباد کے راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ایک حیدرآبادی شخص کسٹمز چیک سے تو کسی مشکل کے بغیر نکل گیا مگر ایرپورٹ سے باہر دھر لیا گیا۔ اُسے پکڑنے والے کوئی اور نہیں بلکہ اسی کی دو بیویاں تھیں۔ خبر کے مطابق گلف سے آنے والے اُس شخص نے دو شادیاں کررکھی تھیں جو مختلف مکانوں میں مقیم تھیں۔ ہر دو کی کوشش تھی کہ شوہر پہلے اُس کے گھر آئے۔ نیت شاید زیادہ سامان پر قبضہ کی رہی ہوگی۔ معاملہ بات چیت سے سلجھ نہ سکااور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ ایرپورٹ پر موجود افراد نے نا صرف دیکھا بلکہ ویڈیو بنایا کہ ایک بیوی ہاتھ پکڑکر کھینچ رہی ہے تو دوسری گریباں پکڑکر گھسیٹ رہی ہے۔ جیت کس کی ہوئی یہ تو چینل نے نہیں بتایا۔ بس ’’یک نہ شد دو شد‘‘ کے تماشہ کا ویڈیو میں ہم یہی دیکھ سکے کہ
’’…مجھے کھینچتا کوئی اور ہے تو
گھسیٹتاکوئی اور ہے …‘‘۔
کے این واصف۔ ریاض
…………………………
سچائی کی اعلیٰ مثال …!!
٭ ایک عورت ایک دکان سے چوری کرتے ہوئے پکڑی گئی۔ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ عدالت میں پیش ہوئی تو جج نے پوچھا: ’’ خاتون ! آپ نے دکان سے کیا چرایا… ؟‘‘
عورت : ’’جناب میں نے اسٹرابیری کا ایک پیکٹ چرایاتھا …!‘‘
جج : ’’ اس پیکٹ میں کتنی اسٹرابیری تھی؟‘‘
عورت: ’’اس میں 6 عدد سٹرابیری تھیں‘‘۔
جج : ’’ فی اسٹرابیری کے حساب سے تمھیں 6 دن جیل میں رہنے کی سزا دی جاتی ہے ‘‘۔
لیکن جج صاحب : اچانک عدالت کے ہال سے ایک آواز گونجی ’’ اگر اجازت ہو تو فیصلہ لکھنے سے پہلے میری گذارش سن لیں‘‘
جج نے اجازت دی تو وہ آدمی آگے کٹہرے میں آیا…!
جج : ’’ لیکن محترم آپ ہیں کون…؟‘‘
آدمی : ’’جناب میں اس عورت کا شوہر ہوں ‘‘
جج : ’’اوکے … آپ کیا کہنا چاہتے ہیں؟‘‘
آدمی : ’’جناب! اس عورت نے صرف اسٹرابیری پیکٹ ہی نہیںبلکہ ایک پیکٹ چنے بھی چرائے تھے…!!‘‘
یہ سنتے ہی جج نے فیصلہ دیا کہ اس عورت کو فوراً رہا کیا جائے کیونکہ اس کے خاوند نے سچائی کی اعلی مثال قائم کی ہے۔
اور جج کے اس فیصلہ کے بعد سے خاوند تادم تحریر گھر سے لاپتہ ہے…!!
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
شرافت …!!
بیوی : میری شرافت دیکھو میں نے تمہیں بغیر دیکھے شادی کرلی …!!
شوہر : اور میری شرافت دیکھو میں نے دیکھ کر بھی انکار نہیں کیا …!!
نجیب احمد نجیبؔ۔ حیدرآباد
…………………………
ڈر لگتا ہے …!!
٭ کارپوریٹ دواخانے کا ایک مریض خوبصورت نرس کی تیمارداری سے بہت خوش ہوکر بولا کیا تم میرے ہاسپٹل سے ڈسچارج ہونے کے بعد مجھ سے ملنے آؤ گی …!؟
نرس نے گھبراتے ہوئے کہا : ’’جی نہیں …! مجھے قبرستان جانے سے بہت ڈر لگتا ہے !
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………