نئی دہلی۔30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی کا خیال ہے کہ آسٹریلیا کے شین وارن دنیا کے عظیم ترین لیگ اسپنر تھے لیکن ہندستان کے ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کے خلاف وہ عام بولر بن جاتے تھے۔لی نے اسٹار اسپوٹرس کے شو کرکٹ کنکٹڈ میں کہا کہ سچن وارن کے خلاف انتہائی آرام دہ ہوکر بیٹنگ کرتے تھے اور وارن کو اپنی مرضی سے کھیلتے تھے جبکہ دنیا میں کوئی دوسرا بیٹسمین وارن کے خلاف ایسا نہیں کر پاتا تھا۔دنیا کے سب سے فاسٹ بولروں میں سے ایک لی نے کہاکہ سچن کئی بار کریز پر آگے نکل آتے تھے اور وارن کو چھوٹی گیند کرنے کے لئے اکساتے تھے۔کئی بار وہ تحمل رکھ کر بیک فٹ پر رہتے تھے اور خوبصورت شاٹ کھیلتے تھے۔ایسا لگتا تھا کہ وہ گویا وارن کے ساتھ چوہا بلی کا کھیل کھیل رہے ہوں جبکہ دیگر کوئی بیٹسمین وارن کے سامنے ایسا نہیں کر سکتا تھا۔سچن وارن کے خلاف بہتر کھیلتے تھے اگرچہ یہ ہمیشہ نہیں ہوتا تھا۔انہوں نے کہا کہ سچن وارن کی ان تمام چالوں کو بخوبی سمجھتے تھے جن سے وہ بیٹسمینوں کو حیران کرتے تھے۔سچن جس طرح بولروں کے ہاتھ کو پڑھتے تھے اور گیند کھیلتے وقت مختلف تکنیک کا استعمال کرتے تھے وہ واقعی حیرت انگیز تھی۔آسٹریلیائی سابق بولر نے کہا کہ ایک وقت تھا جب وارن مختلف طریقہ اپناتے تھے اور جب بھی وہ ایسا کرتے تھے صرف سچن ہی ان کے اس طریقے کو سمجھ پاتے تھے۔وارن دیگر بیٹسمینوں کو پریشان کرتے تھے لیکن سچن ان کے ہاتھ کو دیکھتے تھے اور بیٹنگ کرتے تھے۔ایسا زیادہ تر بیٹسمینس نہیں کرتے تھے۔لی نے کہا کہ وارن جب بھی سچن کا وکٹ نہیں لے پاتے تھے تو انہیں اس بات کا ملال ہوتا تھا اور وہ اپنا غصہ ڈریسنگ روم میں ظاہر کرتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ وارن کہتے تھے کہ وہ سچن کو آوٹ کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں لیکن ایسا کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔وارن نے ایک بار کہا تھا کہ انہیں اپنے خواب میں سچن ان کی گیند پر آگے بڑھ کر چھکا مارتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے سچن کے خلاف اپنے تجربے کو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ میں 22 سال کا تھا جب مجھے سچن کے خلاف پہلی بار کھیلنے کا موقع ملا۔میں نے انہیں بیٹ کا کنارہ دینے کے لئے مجبور کیا جو میرے لئے بڑی کامیابی تھی۔ میں نے ٹسٹ میچ کی پرواہ نہیں کی کیونکہ میں سچن کو آوٹ کر کے بہت خوش تھا۔قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سچن کا انتہائی شاندار ریکارڈ رہا تھا۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 39 ٹسٹ میں 3630 رنز اور 71 ونڈے میں 3077 رنز بنائے ہیں۔