شیوراج چوہان کی تیسری رپورٹ بھی پازیٹیو

   

بھوپال۔ مدھیہ پردیش میں کورونا وائرس کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ایک طرف جہاں عوام کورونا کے خوف میں زندگی بسر کر رہی ہے، وہیں دوسری طرف کورونا نے بی جے پی کے کئی لیڈروں اور وزراء کو بھی اپنی زد میں لے رکھا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان بھی کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد سے اسپتال میں داخل ہیں۔ اس درمیان شیوراج چوہان کی تیسری کورونا رپورٹ بھی پازیٹو برآمد ہوئی ہے۔ گویا کہ انھیں ابھی اسپتال سے چھٹی نہیں ملنے والی۔ جب تک ان کی کورونا رپورٹ نگیٹو نہیں آ جاتی، اس وقت تک وہ اسپتال میں ہی رہیں گے۔غور طلب ہے کہ شیوراج چوہان 25 جولائی کو کورونا پازیٹو پائے گئے تھے۔ اس کے بعد سے وہ کووڈ سنٹر چرایو اسپتال میں داخل ہیں۔ چوہان لگاتار دواخانہ سے ہی محکماتی جائزہ میٹنگیں کر رہے ہیں اور کورونا کے حالات پر بھی نظر رکھ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کابینہ کی ورچوئل میٹنگوں میں بھی وہ شامل ہو رہے ہیں۔