نئی دہلی ۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری اوراتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر صحافی سلبھ سریواستو قتل کیس کی تفتیش مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مسز واڈرا نے منگل کے روز وزیر اعلی کو لکھے گئے خط میں کہا کہ مسٹر سلبھ سریواستو نے پولیس کو تحریردی تھی کہ شراب مافیا غیر قانونی شراب سے متعلق ان کی خبروں سے ناراض ہیں ، لہذا وہ اپنے اور اپنے کنبہ کے تحفظ کے حوالہ سے پریشان ہیں۔ لیکن ان کی درخواست پر عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں شراب مافیا اور انتظامیہ کے مابین گٹھ جوڑ ہے ۔ اور اسی گٹھ جوڑ کے سبب شراب مافیا بلا خوف و خطر جرائم کا ارتکاب کررہا ہے اور انتظامیہ ان کے خلاف آنے والی کسی بھی شکایت پر توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ انہوں نے اس سارے معاملے کی سی بی آئی سے تفتیش کا مطالبہ کیا ہے ۔