عثمانیہ یونیورسٹی میں ٹریننگ پروگرام، امریکی کونسل جنرل جنیفر لارسن کا خطاب
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) امریکی کونسل جنرل متعینہ حیدرآباد جنیفر لارسن نے صحافیوں کو مشورہ دیا کہ وہ گمراہ کن اور غلط اطلاعات کی فراہمی سے گریز کریں اور پیشہ صحافت میں رپورٹنگ کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے غلط معلومات کی فراہمی کے نقصانات اور اس کے منفی اثرات پر نظر رکھیں۔ کونسل جنرل متعینہ حیدرآباد جنیفر لارسن عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں تلگو کے ٹی وی صحافیوں کیلئے ٹریننگ پروگرام کے اختتام پر تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں بعض افراد کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ گمراہ کن اطلاعات کو عام کریں لیکن صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اطلاعات کے بارے میں صداقت کا پتہ چلائیں اور عوام سے پہنچانے سے قبل اس کی جانچ کریں۔ عوام کو غلط معلومات کی فراہمی سے روکنا صحافیوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی سے اظہار تشکر کیا جس نے 30 صحافیوں کیلئے منفرد پروگرام کا اہتمام کیا تھا جس کے ذریعہ خبروں اور اطلاعات کی صداقت کے بارے میں ٹریننگ دی گئی۔ ڈپارٹمنٹ آف جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن عثمانیہ یونیورسٹی نے امریکی کونسلیٹ کے اشتراک سے پروگرام کا اہتمام کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر محنت کرنی چاہیئے کہ گمراہ کن خبروں کا پتہ چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کو اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے عوامی نمائندوں کی کارکردگی کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور جوابدہ بنائیں۔ اگر ہم غلط معلومات کی بنیاد پر کام کریں گے تو عوامی نمائندوں کو جوابدہ نہیں بناسکیں گے۔ پروفیسر ڈی رویندر وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی نے یو ایس کونسلیٹ جنرل سے اظہار تشکر کیا کہ اس نے تلگو صحافیوں کیلئے ٹریننگ پروگرام کے انعقاد کیلئے عثمانیہ یونیورسٹی کا انتخاب کیا۔ انہوں نے گمراہ کن اور غلط معلومات پر مبنی خبروں کے نقصانات کا حوالہ دیا۔ پروفیسر اسٹیونسن کوہیر پراجکٹ کوآرڈینیٹر و صدر شعبہ جرنلزم و ماس کمیونکیشن نے ٹی وی جرنلسٹوں کے ٹریننگ پروگرام کی تفصیلات بیان کیں۔ پروگرام کا مقصد صحافیوں کو فیک خبروں اور گمراہ کن معلومات سے بچنے کی تربیت دینا ہے۔ ماہرین نے ٹریننگ میں شامل صحافیوں کو ان نکات کی رہنمائی کی جن کے ذریعہ گمراہ کن اطلاعات سے بچا جاسکتا ہے۔ ٹریننگ میں شامل صحافیوں کو اطلاعات کے حصول اور عوام تک مثبت انداز میں پہنچانے کے ضمن میں رہنمائی کی گئی۔ر