استنبول: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے اعلان کیا ہے کہ 14 مئی2023 کو ملک کے پارلیمانی اور صدارتی انتخابات ہوں گے۔صدر اردغان ایک بار پھر ملک کے صدر منتخب ہونے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے ہفتے کو صوبہ بورصہ میں ایک کنونشن سے خطاب میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا لیکن اس کنونشن کی ویڈیو اتوار کو جاری کی گئی۔صدر اردغان نے ایک ہفتہ قبل بھی اشارہ دیا تھا کہ مئی کے وسط میں الیکشن ہو سکتے ہیں۔ لیکن ہفتے کو کنونشن میں نوجوانوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا پارلیمانی اور صدارتی انتخابات 14 مئی کو ہوں گے اور وہ اس ضمن میں سرکاری طور پر 10 مارچ کو باقاعدہ اعلان کریں گے۔صدر اردغان کے مطابق انتخابات کی تاریخ کے سرکاری اعلان کے بعد ترکیہ کا الیکشن کمیشن انتخابات کی تیاری شروع کر دے گا۔اگر 14 مئی کو صدارتی انتخابات میں کوئی امیدوار ڈالے گئے ووٹوں میں سے 50 فی صد ووٹ حاصل نہ کر سکا تو انتخابات کا دوسرا راؤنڈ 28 مئی کو ہوگا۔واضح رہے کہ رجب طیب اردغان 2003 سے 2014 تک تین بار ترکیہ کے وزیرِ اعظم منتخب ہوئے اور گزشتہ آٹھ برس کے دوران وہ دو مرتبہ ملک کے صدر رہے۔ترکیہ میں پہلے زیادہ اختیارات وزیرِ اعظم کے پاس تھے لیکن 2017 میں ملک گیر ریفرنڈم کے بعد تمام اختیارات وزیرِ اعظم سے صدر کو منتقل کیے گئے۔سال 2023 کے انتخابات صدر اردغان کے لیے مشکل قرار دیے جا رہے ہیں جس کی وجہ ترکیہ کو درپیش مشکل معاشی صورتِ حال اور مہنگائی میں اضافہ ہے۔واضح رہے کہ ترکیہ میں رواں برس جون میں انتخابات ہونا تھے لیکن اس وقت ملک میں گرمی کا موسم ہوگا جب مقدس مہینہ اور عید بھی ہوں گے۔