امراوتی ۔ 8 مئی ( سیاست نیوز ) صدارتی انتخابات میں مشکلات کا شکار این ڈی اے کو ایک بار پھر آندھرا پردیش کی برسر اقتدار پارٹی وائی ایس آر کانگریس مدد فراہم کرسکتی ہے ۔ صدارتی انتخاب میں این ڈی اے کو اپوزیشن کے مقابلہ میں دو فیصد ووٹوں کی کمی درپیش ہے ۔ ایسے میں وائی ایس جگن موہن ریڈی کی پارٹی حکومت کی مدد کرسکتی ہے جو چار فیصد ووٹ رکتھی ہے ۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی قیادت والی وائی ایس آر کانگریس اور اوڈیشہ کی بیجو جنتادل نے ہمیشہ ہی مرکزی حکومت کو مشکل وقت میں سہارا دیا ہے اور جب کبھی اہم بلوں کی منظوری میں مدد درکار ہوئی ان جماعتوں نے اس کی مدد کی ہے ۔ حالانکہ وائی ایس آر کانگریس کے قائدین نے ابھی صدارتی انتخاب میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے تعلق سے کوئی اشارہ نہیں دیا ہے لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک طئے شدہ بات ہے کہ جگن موہن ریڈی اپنی سیاسی مجبوریوں کو دیکھتے ہوئے این ڈی اے کی مدد ہی کریں گے ۔ ماضی میں بھی پارٹی نے اہم موقعوں پر حکومت کی مدد کی ہے ۔ صدارتی انتخاب کیلئے وائی ایس آر کانگریس کے پاس الیکٹورل کالج میں چار فیصد ووٹ ہیں ایسے میں این ڈی اے امیدوار کو کامیاب بنانے میں اس کا رول اہمیت کا حامل ہوجاتا ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں صدارتی انتخاب میں مشترکہ امیدوار نامزد کرنے کے تعلق سے تبادَلہ خیال کر رہی ہیں۔