صدر بنا تو ایلون مسک کو وفاقی حکومت کا آڈیٹر مقرر کروں گا : ٹرمپ

   

واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی حکومت کی کار گزاری جانچنے کیلئے ایک کمیشن تشکیل دیں گے جس کے سربراہ ارب پٹی امریکی ایلون مسک ہوں گے۔ اس کا مقصد حکومتی اخراجات میں بے تحاشا رقوم خرچ ہونے پر روک لگانا ہے۔نیویارک میں مالی اور کاروباری شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ اس کمیشن کا خیال ایلون مسک نے دیا ہے۔ ٹرمپ کی جیت کی صورت میں دوسری مدت صدارت میں ایلون مسک وفاقی حکومت کے تمام مالی کھاتوں اور اس کی مکمل کارکردگی کے پورے آڈٹ کی نگرانی کریں گے۔ٹرمپ کے مطابق اس کمیشن کے اقدامات کے ذریعے چھ ماہ کے اندر مالی بد عنوانی اور نا مناسب ادائیگیوں پر پوری طرح قابو پا لیا جائے گا۔ سابق صدر نے واضح کیا کہ اس اقدام سے کھربوں ڈالر حاصل ہو سکتے ہیں۔ٹرمپ نے اپنے پروگرام میں ٹیکسوں میں کمی کا عزم ظاہر کیا۔ بلومبرگ ایجنسی کے مطابق اس اقدام پر دس برسوں میں 10 کھرب ڈالر سے زیادہ لاگت آئے گی۔ سابق صدر نے درآمدات پر کسٹم ڈیوٹی بڑھانے کے حوالے سے بھی اپنے منصوبے کی تصدیق کی۔