ایٹالہ راجندر ، ڈی اروند ، رگھونندن اور کے چندرا شیکھر شامل ، جی ایچ ایم سی اور مقامی ادارہ جاتی انتخابات کی نگرانی کے لیے فائدہ اٹھانے موقع کی تلاش
حیدرآباد۔15۔ مئی (سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر کے عہدہ کے لئے جاری دوڑ میں بی جے پی کے 4 سرکردہ قائدین شامل ہیں جن میں ایٹالہ راجندر ‘ ڈی اروند‘ رگھونندن راؤ کے علاوہ کاماریڈی سے سربراہ بھارت راشٹرسمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے والے رکن اسمبلی کے وینکٹ رمنا ریڈی شامل ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ ریاستی بی جے پی کے صدارتی انتخاب کے سلسلہ میں لوک سبھا انتخابات کے فوری بعد سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی اور اس دوڑ میں شامل قائدین ملک میں اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں این ڈی اے حکومت میں کابینہ میں جگہ حاصل کرنے سے زیادہ دلچسپی پارٹی کی ریاستی صدارت کے حصول پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ ریاستی صدارت کے حصول کی دوڑ میں شامل تین قائدین ایٹالہ راجندر ‘ ڈی اروند اور رگھونندن راؤ پارلیمانی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں لیکن ان کی دلچسپی کابینہ میں جگہ کے حصول سے زیادہ پارٹی کے ریاستی صدر کے عہدہ میں ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ہائی کمان نے موجودہ صدر بھارتیہ جنتا پارٹی جی کشن ریڈی کو ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل اس عہدہ پر نامزد کیا تھا اور آئندہ تین برسوں کے لئے اس عہدہ پر نامزد کئے جانے والے قائد کو نہ صرف ریاست کے ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا بلکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات بھی اب منتخب کئے جانے والے صدر کی نگرانی میں ہی انجام پائیں گے اسی لئے اس عہدہ کے حصول کی دوڑ میں اہم قائدین شامل ہیں اور پارٹی ہائی کمان کی جانب سے ان میں اہل دعویدار کو اس عہدہ کے لئے منتخب کیا جائے گا۔3