راشٹرپتی نیلائم میں موثر انتظامات کی ہدایت، چیف سکریٹری کا اجلاس
حیدرآباد ۔16ڈسمبر ( این ایس ایس ) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے حیدرآباد میں سرمائی قیام کے ضمن میں ریاستی چیف سکریٹری ایس کے جوشی نے متعلقہ عہدیداروں کو موثر انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ چیف سکریٹری نے آج یہاں منعقدہ جائزہ اجلاس میں مطلع کیا کہ صدر جمہوریہ ہند سرمائی تعطیلات کے ایک حصہ کے طور پر 20تا 28 ڈسمبر حیدرآباد میں قیام کریں گے ۔ وہ 20ڈسمبر کو دوپہر ایک بجے حکیم پیٹ ایئرپورٹ پہنچیں گے ۔ جہاں سے سکندرآباد کے بولارام میں واقع راشٹرپتی نیلائم روانہ ہوں گے اور 22ڈسمبر تک وہاں ان کا قیام رہے گا ۔ صدر کووند 23 ڈسمبر کو تھروننتاپورم روانہ ہوں گے اور 26 ڈسمبر کو واپس ہوں گے ۔ وہ 27 ڈسمبر کو تلنگانہ کی ممتاز شخصیات کیلئے ’’ ایٹ ہوم ‘‘ دیں گے اور 28 ڈسمبر کو نئی دہلی واپس ہوں گے ۔ چیف سکریٹری نے تمام عہدیداروں کو موثر سیکورٹی انتظامات اور بہترین خدمات کی فراہمی کی ہدایت کی ۔ جوشی نے تمام عہدیداروں کو صدر کے قیام کے مقام پر مکمل سیکورٹی ، سی سی ٹی وی ، کمپیوٹر ، انٹرنیٹ ، اخبارات ، میڈیکل ٹیم ، فون اور اسٹاف کی موثر فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔