پارٹی اور حکومت کی کارکردگی کی ستائش، تلنگانہ انچارج کی یادوں کا تذکرہ
حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) ٹاملناڈو پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مانکیم ٹیگور نے آج گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ مانکیم ٹیگور تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے وقت اے آئی سی سی کے انچارج رہ چکے ہیں اور لوک سبھا انتخابات میں وہ ٹاملناڈو سے منتخب ہوئے اور ہائی کمان نے اُنھیں آندھراپردیش کا انچارج مقرر کیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ مانکیم ٹیگور 2020ء سے تلنگانہ میں کانگریس کے انچارج کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اُن کے فیصلوں کے نتیجہ میں ریاست میں کانگریس برسر اقتدار آئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کی اقتدار میں واپسی میں مانکیم ٹیگور کی حکمت عملی کا اہم رول ہے۔ اُنھوں نے ریونت ریڈی کو پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کیا تھا۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے استحکام کے لئے اُن کی مساعی قابل ستائش ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے تلنگانہ میں داخلہ کے انتظامات مانکیم ٹیگور نے کئے تھے۔ مانکیم ٹیگور نے کہاکہ 4 سال کے وقفہ کے بعد حیدرآباد آمد پر اُنھیں خوشی ہے۔ گاندھی بھون تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور کانگریس پارٹی نے گاندھی بھون سے ہی عوام کی خدمت انجام دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں تلنگانہ میں کانگریس پارٹی اور حکومت کی شاندار کارکردگی ہے۔ ٹیگور نے کہاکہ چونکہ وہ آندھراپردیش کے انچارج ہیں لہذا تلنگانہ کے سیاسی اُمور پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔V/1