کورونا کی صورتحال سے واقفیت، مجالس مقامی کے انتخابات پر الیکشن کمشنر سے بات چیت کا تیقن
حیدرآباد: ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو فون کرتے ہوئے تلنگانہ میں کورونا کیسیس سے متعلق تفصیلات حاصل کی۔ اتم کمار ریڈی نے مجالس مقامی کے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کے ساتھ گورنر کو مکتوب روانہ کیا تھا ۔ مکتوب ملتے ہی گورنر نے اتم کمار ریڈی کو فون کیا اور تفصیلات حاصل کی۔ گورنر نے مجالس مقامی کے انتخابات والے اضلاع کی صورتحال کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ گورنر نے تیقن دیا کہ وہ مجالس مقامی کے انتخابات کے مسئلہ پر اسٹیٹ الیکشن کمشنر سے بات چیت کریں گی اور عوامی زندگی کے تحفظ کیلئے مناسب قدم اٹھائے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشنر نے انتخابات کے التواء کی سفارش کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کی تھی لیکن حکومت نے سفارش کو مسترد کرتے ہوئے مقر رہ شیڈول کے مطابق انتخابات کی ہدایت دی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے گورنر کو روانہ کردہ مکتوب میں کہا کہ دو کارپوریشنوں اور پانچ میونسپلٹیز کے انتخابات عجلت میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ سپریم کورٹ میں کورونا کی موجودہ صورتحال کو قومی ایمرجنسی سے تعبیر کیا ہے ۔ تلنگانہ میں کورونا کے کیسیس ریکارڈ تعداد میں بڑھتے جارہے ہیں۔ ایسے میں انتخابات کا انعقاد عوام کی زندگی کو خطرہ میں ڈالنا ہے ۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے دباؤ کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد پر مجبور ہے۔ ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ کی انتخابی مہم سے کئی قائدین کورونا سے متاثر ہوئے ۔ اتم کمار ریڈی نے وزیر صحت کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے ریاست میں کورونا کی صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کورونا پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ گورنر سے اس معاملہ میں مداخلت کی درخواست کی گئی تاکہ وہ انتخابات کے التواء کی حکومت کو ہدایت دیں۔