محمد علی شبیر نے اخبار پیش کیا، بھارت جوڑو یاترا کی خبروں اور تصاویر پر اظہار مسرت
حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نو منتخب صدر ملیکارجن کھرگے نے روز نامہ ’سیاست‘ کی عوامی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ طویل عرصہ سے ’سیاست‘ اخبار سے واقف ہیں اور اخبار کے بانی جناب عابد علی خان مرحوم کے ساتھ مراسم رہ چکے ہیں۔ کانگریس کی صدارت سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ ملیکارجن کھرگے حیدرآباد پہنچے۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لینے کیلئے وہ حیدرآباد پہنچے ہیں۔ ایر پورٹ پر صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے نمائندہ کی حیثیت سے سابق وزیر محمد علی شبیر نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انچارج سکریٹری تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن ٹی سبی رامی ریڈی موجود تھے۔ ایر پورٹ کی وی آئی پی لانچ میں توقف کے دوران محمد علی شبیر نے انہیں روز نامہ ’سیاست‘ پیش کیا جس میں آج ملیکارجن کھرگے کے استقبال میں اشتہارات شائع ہوئے ہیں۔ ملیکارجن کھرگے جو اردو سے اچھی طرح واقف ہیں انہوں نے اخبار کا مطالعہ کیا اور اپنی دیرینہ وابستگی کا اظہار کیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ اخبار ’سیاست‘ نے ہمیشہ سیکولر اور جمہوری طاقتوں کی تائید کی ہے اور راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے بہتر کوریج دیا جارہا ہے۔ ملیکارجن کھرگے جن کا تعلق گلبرگہ سے ہے انہوں نے کہا کہ وہ ’سیاست‘ سے اچھی طرح واقف ہیں اور عابد علی خان صاحب مرحوم کی خدمات کے معترف رہے ہیں۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ جناب زاہد علی خاں اور ان کے فرزند جناب عامر علی خاں کی نگرانی میں روز نامہ ’سیاست‘ اپنے بانیوں کے مشن پر قائم ہے۔ اس موقع پر موجود سینئر قائد سبی رامی ریڈی نے بھی کہا کہ روز نامہ ’سیاست‘ سے وہ اچھی طرح واقف ہیں اور اخبار کے بانی اور موجودہ مدیران کو بھی جانتے ہیں۔ ملیکارجن کھرگے نے اخبار سیاست کے مختلف صفحات کا مشاہدہ کرتے ہوئے راہول گاندھی کی یاترا کی تصاویر اور خبروں کا جائزہ لیا۔ر