سکیورٹی چیف برطرف‘روس کی بمباری میں تباہ شدہ عمارتوں کا معائنہ
کیف :یوکرین کے صدر وولودویمیر زیلنسکی نے جنگ زدہ مشرقی علاقوں کا دورہ ایسے وقت کیا جب روسی افواج نے گھیرا تنگ کردیا ہے۔ خارکیف کے اپنے پہلے دورے کے دوران زیلنسکی نے اس شہر کے سکیورٹی سربراہ کو برطرف کردیا۔روس کی جانب سے 24 فروری کو یوکرین پر فوجی کارروائی شروع کرنے کے بعد سے اتوار 29 مئی کوصدر وولودیمیر زیلنسکی کا کیف علاقے کے باہر کا یہ پہلا دورہ تھا۔ میڈیا میں شائع تصویرو ں میں انہیں بلٹ پروف جیکٹ پہنے خارکیف شہر کے تباہ شدہ عمارتوں کا معائنہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔زیلنسکی نے فوجیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ کی غیر معمولی خدمات کے لیے ہر ایک کا شکریہ ادا کرتاہوں۔ انہوں نے مزید کہا “قابضین کو بہت پہلے ہی یہ سمجھ جانا چاہئے تھا کہ ہم اپنی سرزمین کا آخری آدمی تک دفاع کریں گے۔ انہوں نے خارکیف کا دفاع نہیں کرنے کے لیے مقامی سکیورٹی سربراہ کو برطرف کرنے کا اعلان بھی کیا۔ گرچہ انہوں نے سکیورٹی سربراہ کا نام نہیں لیا تاہم میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان کی شناخت رومن ڈوڈین کے طور پر ہوئی ہے۔ میڈیاکے مطابق زیلنسکی کا کہناتھاکہ اس شخص کو جنگ کی ابتدا سے ہی شہرکے دفاع کے لیے کام نہ کرنے بلکہ اپنے بارمیں سوچنے پر برطرف کیا گیا ہے اور اگرچہ دوسروں نے بہت موثر طورپر محنت کی لیکن سابق سربراہ نے ایسا نہیں کیا۔
“دریں اثنا تقریباً پندرہ دنوں تک نسبتاً سکون رہنے کے بعد روس نے ایک بار پھر یوکرین کے دوسرے سب سے بڑ ے شہر خارکیف پرپھر گولہ باری شروع کردی ہے۔