صرف 40 دن کی محنت سے بی جے پی منگوڑ میں کامیاب ہوگی

   


حیدرآباد ۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری تلنگانہ کے انچارج سنیل بنسل نے آئندہ 40 دن تک محنت کرنے پر اسمبلی حلقہ منگوڑ میں بی جے پی کو کامیابی حاصل ہونے کا دعویٰ کیا۔ سنیل بنسل نے کہا کہ حیدرآباد میں اسمبلی حلقہ منگوڑ ضمنی انتخاب کیلئے تشکیل دی گئی اسٹرینگ کمیٹی، پارٹی کے منڈل صدور اور انچارجس کا اجلاس طلب کیا اور ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا۔ پارٹی کی کارکردگی عوام سے رابطہ انتخابی نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد اور اس سے قبل کئے جانے والے کاموں کے تعلق سے پارٹی قائدین کو واقف کرایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام سروے بی جے پی کے حق میں ہے مگر بی جے پی کے قائدین کو مطمئن ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ زیادہ سے زیادہ اکثریت حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے کی ضرورت ہے۔ سنیل بنسل نے کہا کہ جہاں تک ان کی اطلاعات ہے آئندہ ماہ نومبر کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں منگوڑ اسمبلی حلقہ کیلئے ضمنی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ پارٹی قائدین کے پاس صرف 40 دن کا وقت ہے۔ ان 40 دنوں تک آرام کرنے کے بجائے بی جے پی کے قائدین بوتھ سطح پر کام کریں۔ تمام رائے دہندوں سے ایک سے زائد مرتبہ ملاقات کریں۔ وزیراعظم مودی کی قیادت، ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے پیش کریں۔ پارٹی کے انچارجس منگوڑ میں قیام کریں۔ن