ورنگل کے نوجوان کی محنت ، دوسرے نوجوانوں کیلئے مشعل راہ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : محنت لگن جستجو سے ہر چیز ممکن ہے اس جدید دور میں ان سب کا سہارا لیتے ہوئے بغیر کسی کوچنگ کے ایک نوجوان نے صرف یوٹیوب سے تربیت حاصل کرتے ہوئے ایک نہیں دو نہیں بلکہ چار ملازمتیں حاصل کرتے ہوئے سارے نوجوانوں کے لیے ایک مثال قائم کیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع ورنگل کے پروتگری منڈل ہیڈکوارٹر سے تعلق رکھنے والا نوجوان سنتوش بی ٹیک کی تعلیم حاصل کرچکا ہے ۔ اس نوجوان نے بینک میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے دل لگا کر محنت کی اس کے لیے کسی کوچنگ سنٹر کا انتخاب نہیں کیا اور نہ ہی بھاری فیس ادا کی صرف یوٹیوب کلاسیس سے تربیت حاصل کرتے ہوئے امتحان تحریر کیا اور گذشتہ سال دسمبر میں ورنگل ڈی سی سی بی بینک میں کلرک کی جائیداد کے لیے کوالیفائی ہوگیا ۔ یکم جنوری کو تلنگانہ گرامنا بینک ( ایس بی آئی اسپانسرڈ ) میں اسکیل I آفیسر کے لیے منتخب ہوگیا ۔ اس کے بعد آندھرا پردیش گرامنا وکاس بینک ( ایس بی آئی اسپانسرڈ ) میں کلرک کی جائیداد کے لیے کوالیفائی ہوگیا ۔ 10 مارچ کو برآمد ہوئے نتائج میں ایس بی آئی بینک میں جونیر اسوسی ایٹ جائیداد کے لیے کوالیفائی ہوگیا ۔ اس طرح مسلسل برآمد ہوئے نتائج میں چار ملازمتوں کی جائیدادوں کے لیے منتحب ہو کر روزگار کی تلاش میں موجود نوجوانوں کے لیے مثال قائم کردی اور یہ ثابت کردیا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جائے گی ۔ لگن سے جب کوئی محنت کی جاتی ہے کامیابی یقینا قدم چومے گی اور ایک اہم بات یہ ہے کہ اس نوجوان نے مزید 2 ملازمتوں کے لیے امتحان تحریر کیا ہے ۔ جس کے نتائج ہنوز جاری نہیں ہوئے ۔۔ ن