نئی دہلی۔7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کورونا کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات ہائڈراکسی کیلوروکوین کی ہندوستان سے سپلائی نہ ہونے پر جوابی کارروائی کی دھمکی کے درمیان کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت کو کسی کے دباؤ میں آئے بغیر پہلے اپنے شہریوں کی زندگی بخش ادویات دستیاب کرانی چاہئے ۔ راہول گاندھی نے منگل کو کہا کہ سب سے پہلے ہماری شہریوں کی ضرورت پوری ہونی چاہئے اور ان کو مناسب مقدار میں ضروری ادویات ملنی چاہئے اس کے بعد ہی ضرورت مندملکوں کی مدد کی جانی چاہئے ۔انہوں نے ٹوئیٹ کیا،دوستی میں بدلہ نہیں ہوتا۔ ہندوستان کو بحران کے وقت تمام ضرورت مند ممالک کی مدد کرنی چاہئے لیکن پہلے ہم وطنو ںکے لئے کافی مقدار میں زندگی بخش ادویات دستیاب ہونی چاہئے ۔واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ اگر ہندوستان نے ہائیڈراکسی کیلوروکوین ادویات کی برآمد سے پابندی نہیں ہٹائی تو وہ جوابی کارروائی کر سکتے ہیں۔ اس دوا کا استعمال کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں کیا جا رہا ہے جسے دیکھتے ہوئے ٹرمپ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس دوا کی فراہمی کے لئے اپیل کی تھی۔
