ضلع عادل آباد میں درجہ حرارت11.2ڈگری درج

   

ریاست میں سردی کی لہر میں اضافہ۔ ایلووارننگ جاری ، درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان
حیدرآباد16 نومبر(یواین آئی)تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں اقل ترین درجہ حرارت 11.2ڈگری سلسیس منگل اور بدھ کی درمیانی شب درج کیاگیا۔محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ گذشتہ روز کے مقابلہ میدک اورحیدرآباد میں اقل ترین درجہ حرارت میں کمی درج کی گئی ہے ۔میدک ضلع میں درجہ حرارت 11.3ڈگری سلسیس درج کیاگیا جبکہ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں درجہ حرارت 13.7ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔محکمہ موسمیات نے اپنے بلیٹن میں کہا کہ تلنگانہ میں 16تا20نومبر موسم کے خشک رہنے کا امکان ہے ۔دوسری طرف تلنگانہ کے کئی علاقوں میں آئندہ چند دنوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کا امکان ہے جبکہ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں آئندہ تین دنوں کے دوران سردی کی لہر میں مزید کمی ہوگی۔تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی نے یہ بات بتائی۔اس عرصہ کے دوران کہر کی بھی توقع کی جارہی ہے ۔محکمہ موسمیات نے ایلووارننگ جاری کی اور کہا کہ الوال، قطب اللہ پور اورمشیرآباد کے ماسوا دیگر تمام علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت امکان ہے کہ گھٹ کر 14ڈگری سے کم ہوجائے گا۔شہرحیدرآباد میں اقل ترین درجہ حرارت 16.8ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران شہرحیدرآبا دکے راجندرنگر علاقہ میں درجہ حرارت 15.2ڈگری سلسیس درج کیاگیا جبکہ رام چندراپورم اور پٹن چیرومیں بھی درجہ حرارت 15.2ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔اسی دوران گاجوولارامامم میں درجہ حرارت 15.8ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔منچریال، کومرم بھیم آصف آباد اورسنگاریڈی میں سردی کی لہر کے سلسلہ میں آرینج الرٹ جاری کیاگیا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں سردی کی لہر میں شدت کا امکان ہے ۔درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں صبح کی اولین ساعتوں سے ہی کہر کی گھنی چادردیکھی جارہی ہے ۔عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ آنے والے دنوں میں سردی کی لہر میں اضافہ کے پیش نظر چوکس رہیں۔ ملک کے شمالی حصوں سے آرہی سرد ہواوں کے نتیجہ میں تلنگانہ میں اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ دسمبر میں سردی کی لہر میں اضافہ کے پیش نظر چوکسی کی ضرورت ہے ۔