تاریخی گرجا گھر کے خصوصی کرسمس پروگرام میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی شرکت، تقریب سے خطاب
حیدرآباد۔ 25۔ڈسمبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج تلنگانہ کے ضلع میدک میں مجموعی طور پر 192کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جس میں سڑکوں کے علاوہ ینگ انڈیا انٹگریٹڈ اسکول کے قیام کا سنگ بنیاد اور اندرا مہیلا شکتی بھون کا سنگ بنیاد شامل ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج ریاستی کابینی وزراء کے علاوہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ و دیگر قائدین کے ہمراہ کرسمس کے موقع پر تاریخی سی ایس آئی گرجا گھر میں منعقدہ خصوصی عبادت میں شرکت کرتے ہوئے گرجا گھر میں موجود عیسائی برادری سے خطاب کیا۔ چیف منسٹر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ انہوں نے صدرپردیش کانگریس کی حیثیت سے سی ایس آئی چرچ کا دورہ کیا تھا اور اس وقت دعاء کی تھی کہ وہ بہ حیثیت چیف منسٹر اس چرچ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر منعقدہ خصوصی عبادت میں شرکت کے دوران ریاست میں عیسائی برادری کی خدمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت تلنگانہ بھی عیسائی اقلیت کی ترقی کے لئے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر 100 سالہ قدیم چرچ کے احاطہ میں ترقیاتی کاموں اور صدی تقاریب کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی فلاحی اسکیمات بالخصوص 200 یونٹ مفت برقی‘ قبائیلی اور دلت کرسچن، اندراماں اندلو اسکیمات سے مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عیسائیت میں انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی جاتی ہے اور حکومت تلنگانہ ریاست میں انسانیت کی خدمت کے ذریعہ ان کی فلاح و بہبود کے اقدامات کر رہی ہے۔ اے ریونت ریڈی نے کہا کہ میدک کے سی ایس آئی چرچ سے ان کا گہرا تعلق رہا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ اس چرچ کے ترقیاتی کاموں کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے خصوصی بجٹ کی اجرائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ نے ہی فیس بازادائیگی اسکیم کے علاوہ آروگیہ شری اسکیم کا آغاز کیا ہے اور آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے تک کے مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔چیف منسٹر نے کہا کہ عیسائی مشنریوں نے سابق میں صحت اور تعلیم کے میدان میں جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں اور آج بھی کئی عیسائی مشنریوں کے تعلیمی ادارہ جات ریاست بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اے ریونت ریڈی نے بتایا کہ ریاستی حکومت مستقبل میں بھی ضلع میدک کی ترقی اور عیسائی برادری کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں اقدامات کو جاری رکھے گی۔ چیف منسٹر کے دورۂ میدک میں ان کے ہمراہ ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی ‘ دامودر راج نرسمہا ‘ صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور دیگر موجود تھے ۔3