طالبان ۔ امریکہ مذاکرات ، دونوں فریق معاہدہ کے قریب

   

کابل ۔ 28 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور طالبان ایک معاہدہ کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں جس کے تحت پینٹگان اپنے فوجیوں کی تعداد جو افغانستان میں تعینات ہیں، کم کردے گا۔ شورش پسندوں کے ایک ترجمان نے چہارشنبہ کے دن اس کا انکشاف کیا۔ دونوں فریقین جو دوحہ میں حالیہ دنوں میں ملاقات کر رہے ہیں تاکہ تاریخی معاہدہ کو قطعیت دے سکیں جس سے طالبان کو مختلف صیانتی ضمانتیں دی جائیں گی اور اس کے بدلہ امریکہ اپنے فوجیوں کی تعداد میں 13,000 کی کمی کردے گا ۔ یہ امریکی فوجی فی الحال جنگ زدہ افغانستان میں تعینات ہیں، آج بھی بات چیت جاری رہے گی ۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئیٹر پر ایک تحریر کیا کہ ہم ایک معاہدہ کے قریب پہنچ گئے ہیں، چنانچہ مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے اور ہمیں امید ہے کہ ہمارے مسلم بھائیوں اور قوم کے بہی خواہوں کو جلد ہی خوشخبری ملے گی۔