طالبانی وفدکا دورہ پاکستان، اہم معاملات پر با ت چیت

,

   

اسلا م آباد: امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی معطلی پر بات چیت کے لئے افغان طالبان کا وفد پاکستان کا دورہ کررہا ہے اور امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان زلمے خلیل زاد بھی پاکستا پہنچ گئے ہیں۔ طالبان دوحہ کے ترجمان سہیل شاہین نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ملاعبدالغنی برادر کی سربراہی میں طالبان کا ایک وفد بدھ کو پاکستان پہنچے گا جو پاکستانی قیادت سے اہم معاملات پر بات چیت کرے گا۔ لیکن انہوں نے اپنے اس ٹوئیٹ میں ان معاملات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کی منسوخی کے بعد طالبان مسلسل علاقائی اور افغانستان کے پڑوسی ممالک کی قیادت سے رابطہ کر رہے ہیں او ر اس سلسلہ میں ان کا یہ چوتھا دورہ ہے۔

اس سے قبل حالیہ چند روز کے دوران طالبان رہنماؤں نے روس‘ چین اور ایران کا بھی دورہ کیا تھا۔ پاکستا ن میڈیا دعوی کررہا ہے کہ امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد بھی ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق طالبان کا وفد پاکستان کی قیادت کو امریکہ کے ساتھ افغان امن مذاکرات کی معطلی کی وجوہات کے بارے میں بتائے گا۔ واضح رہے کہ افغانستان میں 18سالہ جنگ کے خاتمہ کے لئے امریکہ او رطالبان کے درمیان تقریبا ایک سال سے امن مذاکرات ہورہے تھے۔گذشتہ ماہ فریقین نے کہا تھا کہ وہ امن معاہدہ کے قریب پہنچ چکے ہیں تاہم امریکی سکیوریٹی حکام اور افغان حکومت نے ممکنہ امن معاہدہ پر بعض خدشات کا بھی اظہار کیا تھا۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کابل میں ایک بم دھماکہ میں امریکی فوجی سمیت 11افراد ہلاک ہونے کے بعد اچانک امن مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔