نئی دہلی۔ 25 مئی (یو این آئی) این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کی اتوار کے روز یہاں ہونے والی میٹنگ میں گڈ گورننس کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ذات پات کی مردم شماری کرانے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کے لیے قرار داد منظور کی گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت ہونے والی اس میٹنگ میں این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے تمام 20 وزرائے اعلیٰ اور 18 نائب وزرائے اعلیٰ کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر داخلہ امیت شاہ بھی موجود تھے ۔ میٹنگ کے بعد مسٹر نڈا نے کہا، “میٹنگ میں دو قراردادیں منظور کی گئیں، پہلی قرارداد ‘آپریشن سندور’ پر تھی، جس میں وزیر اعظم مودی کی قیادت اور ہماری فوج کے کام کی تعریف کی گئی اور فوج کی بہادری کو سراہا گیا ہے ۔ یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ نڈا نے کہا کہ میٹنگ میں ذات پات کی مردم شماری پر بھی ایک قرارداد منظور کی گئی اور سب نے اس پر اپنی رضامندی ظاہر کی۔ ساتھ ہی مودی کے اس فیصلے کی تعریف کی گئی اور مبارکباد دی گئی۔ ہم نے واضح کر دیا ہے کہ ہم ذات پات کی سیاست نہیں کرتے ، بلکہ محروم، مظلوم اور استحصال زدہ لوگوں کو مرکزی دھارے میں لانا چاہتے ہیں۔ نڈا نے کہا کہ میٹنگ میں نکسلیوں کے خلاف جاری مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بحث میں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی وشنو دیو سائی اور چھتیس گڑھ کے نائب وزیر اعلی اور وزیر داخلہ وجے شرما نکسل ازم کے حوالے سے جاری اقدامات کے بارے میں بتایا۔