طبقاتی سروے سے تلنگانہ میں مسلم تحفظات کی برقراری یقینی

   

پرانے شہر میں کانگریس کو مستحکم کرنے کی مساعی
سروے کی تکمیل پر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد ۔12۔فروری (سیاست نیوز) ضلع کانگریس کمیٹی حیدرآباد کی جانب سے ریاست میں طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی کے حق میں حکومت کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے جشن کا اہتمام کیا۔ اردو مسکن میں منعقدہ اس پروگرام کی صدارت صدر ضلع کانگریس کمیٹی محمد ولی اللہ سمیر نے کی۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اور انچارج حیدرآباد عبید اللہ کوتوال نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات سے مقابلہ کرنے والے کانگریس قائدین مجیب اللہ شریف ، بی نریش ، عثمان الہاجری ، پی راجیش کمار، شیخ اکبر اور کے روی راج نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔ کانگریس کارکنوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیتے ہوئے سماجی انصاف کی فراہمی کیلئے ریونت ریڈی حکومت کی ستائش کی۔ سمیر ولی اللہ نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے پرانے شہر میں فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کے لئے شعور بیداری مہم کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طبقاتی سروے میں پرانے شہر کے عوام کو شریک کرنے کیلئے منظم طریقہ سے مہم چلائی گئی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں کی مساعی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پرانے شہر کی 90 فیصد آبادی نے طبقاتی سروے میں حصہ لیا ہے اور انہیں حکومت کی اسکیمات سے فائدہ ہوگا۔ طبقاتی سروے میں مسلم پسماندہ آبادی 10.08 فیصد درج کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں مسلم تحفظات کی برقراری یقینی ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سماجی انصاف کی سمت تلنگانہ نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے ملک کو نئی راہ دکھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات سے انصاف کے مقصد سے راہول گاندھی نے سروے کی ہدایت دی تھی۔ سمیر ولی اللہ نے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ پرانے شہر میں عوامی خدمات میں اضافہ کرتے ہوئے پارٹی کے استحکام کی راہ ہموار کریں۔1