طوفان دتوا‘ آج ٹاملناڈو اور اے پی کے ساحل پہنچے گا

,

   

کئی اضلاع کیلئے الرٹ جاری ‘بیشتر اضلاع میں اسکولس اور کالجس بند

نئی دہلی ۔ 29؍نومبر(ایجنسیز )سری لنکا کے ساحلی علاقوں اور اس سے متصل خلیج بنگال کے جنوب مغربی علاقوں میں اُٹھے سمندری طوفان ’دتوا‘ سے ٹاملناڈوکے ساحلی علاقوں ناگاپٹنم علاقہ میں ساحلوں پر اونچی لہریں، تیز ہوائیں اور بھاری بارش ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ سمندری طوفان 7 گھنٹہ فی کلومیٹر کی رفتار سے لگاتار شمال کی جانب بڑھ رہا ہے۔ طوفان کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ساحلی علاقوں کیلئے ’اورنج الرٹ‘ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات ہند کے مطابق ہفتہ کی رات 2.30 بجے طوفان کا مرکز 9.2 ڈگری شمال اور 80.8 ڈگری مشرق میں مرکوز اور ترنکومالی سے 80 کلومیٹر شمال مغرب اور چینائی سے تقریباً 430 کلومیٹر جنوب میں بتا یا گیا ہے۔ توقع ہے کہ سمندری طوفان شمال، شمال مغرب کی طرف بڑھتا رہے گا اور 30 نومبر کو شمالی ٹاملناڈو، پڈوچیری اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں تک پہنچے گا۔سمندری طوفان ’دتوا‘ کے پیش نظر ٹاملناڈو میں این ڈی آر ایف کی 8 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ان ٹیموں میں 240 اہلکار شامل ہیں۔ وہیں پڈوچیری میں 60 لوگوں پر مشتمل 2 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ان ٹیموں میں سراغ رساں کتے بھی شامل ہیں جو پھنسے ہوئے لوگوں کو تلاش کرنے میں مدد کریں گے۔ طوفان کے اثر سے ٹاملناڈو کے کئی اضلاع میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رامناتھ پورم، پڈوکوٹائی، تنجاور، تروارور، ناگاپٹنم اور کرائیکل میں کچھ مقامات پر بہت زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ کنیا کماری، ترونیل ویلی، ویردھونگر، مدورائی، تروچراپلی، پیرامبلور اور کڈالور اضلاع میں بھی متعدد مقامات پر بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔شدید موسم کے پیش نظر تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں اسکول اور کالج بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دریں اثنا کڈالور، تروارور، ناگاپٹنم، مائیلا دوتھرائی، کلا کوریچی، پدوکوٹائی، پیرامبلور، پڈوچیری اور کرائیکل میں اسکول اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔