چنڈی گڑھ۔ 9 مئی (یو این آئی) پنجاب کے وزیر صنعت و بجلی سنجیو اروڑہ کی چنڈی گڑھ میں واقع رہائش گاہ پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رہنماؤں نے وزیر اعظم نریندر مودی کا موازنہ اورنگزیب سے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے بے ایمانی سے ملک کے کئی حصوں پر قبضہ کر لیا ہے ۔عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے سوشل میڈیا ایکس پر کہا کہ جیسے ہی بنگال کے انتخابات ختم ہوئے ، مودی جی نے پنجاب میں روزانہ ای ڈی کے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں مودی جی نے پنجاب کے ساتھ بہت زیادتیاں کی ہیں۔ پنجابیوں کو طرح طرح سے ہراساں کیا گیا ہے ۔ پنجاب کے پانی پر حملہ کیا، پنجاب یونیورسٹی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، دیہی ترقی کا فنڈ روک لیا اور اب ای ڈی کے تابڑ توڑ چھاپے شروع کر دیے ہیں۔ کجریوال نے مزید کہا کہ اشوک متل کے یہاں چھاپہ مارا گیا اور اگلے ہی دن انہیں بی جے پی میں شامل کروا لیا گیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ای ڈی کے چھاپوں کا مقصد چوری کا پیسہ ڈھونڈنا نہیں بلکہ صرف لوگوں کو توڑ کر بی جے پی میں شامل کروانا تھا۔ سنجیو اروڑہ کے یہاں پہلے بھی چھاپہ پڑا، وہ بی جے پی میں شامل نہیں ہوئے تو دوبارہ چھاپہ مار دیا گیا۔انہوں نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب گروؤں کی دھرتی ہے ۔ کئی سو سال پہلے اورنگ زیب نے ظلم و ستم کے ذریعہ ملک کے کئی حصوں پر قبضہ کر لیا تھا۔