عادل آباد۔/2نومبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایک ٹیچر کے طور پر اپنی زندگی کا آغاز کرنے والے جناب شفیع اللہ خان چند دنوں سے علیل تھے ، آج صبح حیدرآباد میں ان کی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ ہندو مسلم ہر طبقہ میں خوش مزاج اور ملنسار تصور کئے جانے والے جناب شفیع اللہ خان شوقیہ طور پر فلم انڈسٹری سے وابستہ ہوکر اپنے ذاتی سرمایہ سے ایک تلگو فلم ’’گوپالم ‘‘ (GOPALAM) بنائی جس میں وہ ہیرو کے طور پر پردے پر دکھائی دیئے۔ بعد ازاں روز نامہ سیاست کی قومی و ملی خدمات سے متاثر ہوکر سیاست کے تحت عادل آباد میں خدمت انجام دی۔ صحافت سے دلچسپی کے باعث انہوں نے حیدرآباد سے ایک تلگو روز نامہ ’’ سمیا جوتی ‘‘ کی اشاعت عمل میں لائی۔ تلگو سے تعلیم یافتہ ہونے کے باعث ضلع عادل آباد کے مختلف منڈلوں کے مدارس میں تدریسی خدمات انجام دی۔ وظیفہ پر سبکدوش ہونے کے بعد زائد از دس سال سے حیدرآباد میں قیام کئے ہوئے تھے۔ ان کی میت آج ان کے آبائی مقام عادل آباد منتقل کی جارہی ہے۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ تین فرزندان اور ایک دختر شامل ہیں۔ دو فرزندان امریکہ میں مقیم ہیں ان کی آمد کے بعد 3 نومبر کو نماز جنازہ مستقر عادل آباد کے میدان عیدگاہ میں انجام دی جائے گی اور تدفین میدان عید گاہ سے متصل قبرستان میں عمل میں لائی جائے گی۔