حیدرآباد11جولائی(یواین آئی) ضلع عادل آباد میں تلنگانہ۔مہاراشٹر سرحد پر شیر کی موجودگی سے عوام میں سنسنی پائی جاتی ہے ۔ لوگ گھروں سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔اب تک دو افراد اس شیر کا نشانہ بن چکے ہیں۔تازہ طورپر ایک اور نوجوان کو اس نے ہلاک کیا ہے ۔عادل آباد اور آصف آباد کے جنگلاتی علاقہ کے قریب افراد نے شیر کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔اس شیر نے قبل ازیں مویشیوں پر حملے کئے تھے تاہم اب اس نے انسانوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے ۔اس جانور کا نشانہ بننے والوں کی تعداد بڑھ کر تین ہوگئی ہے ۔گذشتہ سال نومبر میں آصف آباد ضلع کے دیہگم علاقہ کے بھگنیش نامی نوجوان،پنچکل پیٹ منڈل کے کونڈاپلی میں نرملا نامی خاتون کی موت شیر کے حملہ میں ہوگئی تھی۔ اب اس شہر نے مہاراشٹر کے ایوت محل ضلع کے اویناش نامی نوجوان کو نشانہ بنایا۔اویناش گھر سے روانہ ہوا تھا تاہم گھر واپس نہ آنے پر اس کے ارکان خاندان نے قریب میں اس کی تلاش شروع کی۔مقامی افراد نے دیکھا کہ شیر کے قریب اویناش کی لاش پڑی ہے ۔ان افراد نے چیخ وپکار کی جس پر شیر وہاں سے بھاگ گیا۔اس کی تصاویر مقامی افراد نے اپنے سل فونس میں قید کرلیں۔