عادل آباد کے آدیواسی موضع جھری کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ

   

ضلع کلکٹر سے اقلیتی قائد محمد یونس اکبانی کی نمائندگی ، خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد
عادل آباد /21 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع عادل آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گادی گوڑہ منڈل کے موضع جھری میں آدی واسی نوجوانوں کی جانب سے خون کے عطیہ کیمپ کا بڑے پیمانے پر کامیاب انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس خون عطیہ کا کیمپ میں بحیثیت مہمان خصوصی ضلع کلکٹر عادل آباد راجرشی شاہ ، آئی ٹی ڈی اے آفیسر ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نریندر راتھوڑ ، رمس ڈائرکٹر جے سنگھ راتھوڑ، عادل آباد کے سینئیر اقلئیتی قائد الحاج محمد یونس اکبانی نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ مقامی قائدین میں ایم شیکھر ، کے درگا پٹیل ، دولت راؤ ، سرپنچ چندر ہری ، ناگو راؤ سرپنچ ، پربھاکر ، جی راؤ ،جگادی راؤ و دیگر شریک رہے ۔ اس موقع پر 215 یونٹ خون عطیہ دیا گیا ۔ محمد یونس اکبانی نے فرخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانب سے 240 پانی کے باٹلس خون عطیہ دہندگان میں تقسیم کی اور خون عطیہ کیمپ منعقد کرنے پر آدی واسی نوجوانوں کی ہمت افزائی کی ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر عادل آباد راجرشی شاہ نے مخاطب کرتے ہوئے نوجوانوں کی ستائش کی اور حکومت کی جانب سے اس علاقہ کے مسائل کی یکسوئی کے لئے نمائندگی کرنے کا تیقن دیا ۔بعد ازاں الحاج محمد یونس اکبانی نے ضلع کلکٹر و دیگر کا خیرمقدم کیا اور گادی گوڑہ منڈل میں درپیش مسائل سے واقف کروایا اور کہا کہ یہاں کے آدی واسی خون عطیہ دینے کو معیوب سمجھتے تھے ۔ تاہم کافی شعور بیدار کرنے کے بعد انہوں نے آگے بڑھ کر خون عطیہ کیمپ منعقد کیا جو قابل ستائش کارنامہ ہے ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر عادل آباد راجرشی شاہ نے بھی خون کا عطیہ دیتے ہوئے سب کو حیران کریدا ۔ یونس اکبانی نے کیمپ میں حصہ لینے والوں کو بہتر تغذیہ بخش غذاء فراہم کرنے ضلع کلکٹر سے نمائندگی کی اور ایجنسی علاقے میں بلڈ بنک قائم کرنے کا مطالبہ کیا ۔