دستاویزات و پاسپورٹ 19 فروری تک جمع کرائیں
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری(سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2024 کے منتخب عازمین حج کے لئے سفری اخراجات کی پہلی قسط کی ادائیگی کی تاریخ میں توسیع کردی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر لیاقت علی آفاقی نے اس سلسلہ میں ایک سرکولر جاری کیا ہے اور اطلاع دی ہے کہ منتخب عازمین حج 15 فروری تک سفری اخراجات کی پہلی قسط کے طور پر 81800 روپئے جمع کراسکتے ہیں۔ ابتداء میں سفری اخراجات کی پہلی قسط جمع کروانے کیلئے 9 فروری آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ مختلف ریاستوںکی حج کمیٹیوں کی جانب سے مسلسل نمائندگی پر تاریخ میں توسیع کی گئی ہے ۔ عازمین حج پہلی قسط کی رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں آن لائین جمع کرسکتے ہیں۔ منتخب عازمین حج کو متعلقہ حج کمیٹیوں کے پاس 19 فروری تک جن دستاویزات کو جمع کرانا ہے، ان میں حج درخواست فارم ، سیلف ڈکلیریشن ، رقم کی ادائیگی سے متعلق پے سلپ ، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکٹ اور اوریجنل انٹرنیشنل پاسپورٹ شامل ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ میں عدم ادائیگی کی صورت میں نشست منسوخ کردی جائے گی اور اخراجات کی پہلی قسط کی ادائیگی کیلئے تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیںہوگی ۔ 1