قاتل پولیس سے رجوع، مقتول کی بیوی اور دیگر افراد گرفتار، مدھورا نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 17 مئی (سیاست نیوز) عاشق کے ساتھ مل کر کرایہ کے قاتلوں سے شوہر کا قتل کروانے والی خاتون کا پردہ فاش ہوگیا۔ قتل کے تین ماہ بعد یہ واقعہ منظر عام پر آیا جب قاتل خود پولیس اسٹیشن پہنچا اور اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ ایک بڑی سازش کا خلاصہ کیا۔ وجئے کمار کی موت عام موت نہیں بلکہ قتل تھا۔ پولیس مدھورا نگر نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے مقتول کی بیوی اس کے عاشق اور دیگر دو افراد کو گرفتار کرلیا جو کرایہ کے قاتل بنائے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یلاریڈی گوڑہ علاقہ میں سری لکشمی اور وجئے کمار میاں بیوی اپنے دو بچوں کے ہمراہ پرسکون زندگی بسر کررہے تھے۔ سری لکشمی کی پہچان بورا بنڈہ علاقہ کے ساکن راجیش سے ہوئی۔ یہ پہچان دوستی اور محبت میں بدل گئی جو آہستہ آہستہ ناجائز تعلقات میں بدل گئی۔ شوہر کی آنکھ میں دھول جھونک کر سری لکشمی راجیش کے ساتھ رنگ ریلیاں منارہی تھی۔ بیوی کی مشتبہ حرکتوں پر شوہر وجئے کمار کو شک ہوا اور اس نے بیوی کی چوری پکڑلی اس بات پر میاں بیوی میں جھگڑا ہوا اور شوہر نے بیوی کو پابند کردیا۔ ناجائز رشتہ میں رکاوٹ بننے والے شوہر کو راستہ سے ہٹانے کا بیوی نے منصوبہ تیار کرلیا اور اپنے عاشق راجیش کے ساتھ مل کر شوہر کے قتل کی سازش تیار کرلی۔ منصوبہ کے مطابق یکم فروری 2024 کو شوہر کے مکان پہنچنے سے قبل سری لکشمی نے عاشق اور دو کرایہ کے قاتلوں کو مکان طلب کرلیا اور جیسے ہی شوہر مکان پہنچا اس کا قتل کردیا گیا۔ شوہر کے قتل کو عام موت ظاہر کرنے کا ڈھونگ کرتے ہوئے سری لکشمی اپنی سازش میں کامیاب ہوگئی۔ اس خاتون کے شوہر وجئے کمار کے نام یلاریڈی گوڑہ اور میڑچل میں مکانات ہیں۔ شوہر کی موت کے بعد جائیداد کو اپنے نام کرتے ہوئے عاشق کے ساتھ عیش کرنے کا منصوبہ تیار کرچکی تھی۔ قتل کے تقریباً تین ماہ بعد راجیش اچانک پولیس اسٹیشن پہنچا اور اس نے وجئے کمار کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بڑی سازش کا پردہ فاش کردیا۔ پولیس سری لکشمی اس کے عاشق راجیش اور دیگر کو حراست میں لے لیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ع