دیوریا: مہاراج گنج میں اپنی تعیناتی کے دوران غیر قانونی طریقے سے مکان زمین دوز کرنے کے الزام میں ملک کی اعلی عدالت کے فیصلے پر اترپردیش کے ضلع دیوریا میں تعینات ایک تھانہ انچارج سمیت 26ملزمین کے خلاف مہاراج گنج میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ مہاراج گنج ضلع باشندہ سینئر صحافی منوج ٹبڈیوال کا آبائی مکان بغیر کسی نوٹس کے ضلع انتظامیہ نے ستمبر۔2019 میں غیر قانونی طریقے سے زمیں دوز کردیا تھا۔ اس حوالے سے متاثر صحافی نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کر انصاف کا مطالبہ کیا تھا۔ معاملے کی سماعت کے بعد ملک کی اعلی عدالت ریاست کے چیف سکریٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے مکان کرانے کے ضمن میں ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ دیا تھا اور ایک ماہ میں فیصلے پر عمل درآمد کی کاروائی سے عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے ملک کے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام صوبوں کے چیف سکریٹریز کا حکم دیا تھا کہ کسی بھی طرح کے تجاوزات کو ہٹانے سے قبل اہم رہنما ہدایات پر عمل درآمد کریں۔