عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی بہتات تشویشناک :وینکیا

   

نئی دہلی۔نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے منگل کے روز سپریم کورٹ سے لے کر زیریں عدالتوں تک میں زیر التواء مقدمات کی بڑی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور عدلیہ کو اس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئے تاکہ لوگوں کو تیزی سے انصاف مل سکے۔مسٹر نائیڈو آندھرا پردیش میں آر امبیڈکر لا کالج کے 76 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انصاف جلد اور سستا ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار تاریخ بڑھنے کی وجہ سے مقدمات کی سماعت طویل ہوجاتی ہے اور انصاف مہنگا پڑ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کی عرضیوں کو ذاتی وجوہات اور سیاسی مفادات کے لئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ عوامی مفاد کی عرضیوں کو عوامی مفاد میں اور وسیع مفاد میں استعمال کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے طلبہ سے گونگے بہرے لوگوں کی آواز بننے اور محروم و پسماندہ لوگوں کی قانونی مدد کرنے کی اپیل کی۔قوانین میں تضادات کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ قوانین کا خاکہ طے کرتے وقت وسیع پیمانے بات چیت اور گفت شنید ہونی چاہئے تاکہ ان کو آسان بنایا جاسکے۔ اس کے لیے صرف الفاظ پر نہیں بلکہ جذبات اور ارادے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہئے۔