واشنگٹن ۔امریکی سینیٹ نے سوموار کے روز عراق نژاد عیسائی کلدانی خاتون ہالہ یلدہ جربو کو امریکہ کی ایک ضلعی عدالت میں وفاقی جج مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مارچ میں ریاست مشی گن کے مغربی ضلع کی ڈسٹرکٹ کورٹ کی جج نامزد کیا تھا اور امریکی سینیٹ کی عدالتی کمیٹی نے ان کے تقرر کی توثیق کردی ہے۔بغداد میں امریکی سفارت خانے نے فیس بْک پر اپنے صفحے پر یہ اطلاع دی ہے کہ ’’ہالہ جربو پہلی کلدانی امریکی ہیں، جنھیں وفاقی جج نامزد کیا گیا تھا۔ وہ عراق کے علاقے تل کیف میں پیدا ہوئی تھیں اور پھر اپنے والدین کے ساتھ نقل مکانی کرکے امریکہ منتقل ہوگئی تھیں۔‘‘وہ اس سے پہلے ریاست مشی گن کے چھٹے عدالتی سرکٹ میں جج تعینات تھیں۔وہ مشی گن کے مشرقی ضلع میں امریکی اٹارنی جنرل کے دفتر میں اسسٹنٹ اٹارنی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق وہ منشیات ، آتشیں ہتھیاروں کے جرائم ، بچوں پر مجرمانہ جنسی حملوں ،ان کی مخرب الاخلاق تصاویر اور فلموں اور منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق مقدمات میں سرکاری وکیل کی حیثیت سے پیش ہوتی رہی ہیں اور اس کے بعد جج کی حیثیت سے اسی نوعیت کے مقدمات کی سماعت کرتی رہی ہیں۔