ریاض :3جون ( کے این واصف) وزارت خارجہ حکومت ہند نے عزت مآب وپل ( آئی ایف ایس 1998) کو مملکت سعودی عرب کا نیا سفیر ہند مقرر کیا ہے ۔ اس کو ایک تاریخی فیصلہ کہا جاسکتا ہے ۔ وپل اس وقت ریاست قطر میں ہندوستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وہ جلد ہی اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔ وہ سعودی میں موجودہ سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان کے جانشین ہوں گے جن کی موجودہ عہدے پر معیاد ختم ہوگئی ہے۔مسٹر وپل ہندوستانی سفارتی خدمات کے ایک تجربہ کار افسر ہیں اور دو دہائیوں سے زائد عرصے کا سفارتی تجربہ رکھتے ہیں ۔ وہ اگست 2023ء سے قطر میں ہندوستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اپنے دور سفارت میں انہوں نے ہندوستان اور قطر کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔