عطاپور میں وکیل کا سنسنی خیز قتل

   

علاقہ میں سنسنی، مقتول قدیر کے برادرنسبتی پر حملہ کا شبہ
حیدرآباد ۔14 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد کے علاقہ عطاپور میں ایک وکیل کا قتل کردیا گیا۔ آج دوپہر ایڈوکیٹ محمد قدیر پر نامعلوم افراد نے حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا۔ قدیر پر اس وقت حملہ ہوا جب وہ سلیمان نگر میں واقع اپنی آفس میں موجود تھا۔ متعدد واروں کے سبب قدیر موقع پر ہی ڈھیر ہوگیا۔ اس بات کی اطلاع سے علاقہ میں خوف و سنسنی پھیل گئی اور پولیس کی ٹیم موقع واردات پر پہنچی۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہیکہ قدیر پر خاندانی مسائل کے سبب حملہ کیا گیا۔ پولیس نے قدیر کے برادرنسبتی پر حملہ کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ سلیمان نگر میں پیش آئی اس سنسنی خیز واردات کے بعد شہر کی وکلاء برادری میں بے چینی پیدا ہوگئی اور وکلاء کی ایک ٹیم نے عطاپور پولیس اسٹیشن پہنچکر اپنا احتجاج درج کروایا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر ڈیویژن مسٹر ٹی سرینواس نے مقام واردات پہنچ کر معائنہ کیا اور اس دوران کلوز ٹیم کو طلب کرلیا گیا۔ اے سی پی راجندر نگر نے بتایا کہ پولیس کو تقریباً 2 بجے اس سنگین واردات کی اطلاع حاصل ہوئی اور پولیس فوری مقام واردات پہنچ گئی۔ قاتلوں نے ایڈوکیٹ قدیر کے دفتر میں گھس کر اس پر حملہ کیا۔ لاٹھیوں اور چاقو سے شدید متعدد وار کئے گئے جس کے سبب قدیر موقع واردات پر ہلاک ہوگیا۔ اے سی پی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد پتہ چلاہیکہ قدیر پر اس کے برادر نسبتیوں نے حملہ کیا ان کے درمیان خاندانی تنازعہ چل رہا تھا۔ اے سی پی نے بتایا کہ قاتلوں کو گرفتار کرنے کیلئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے اور خصوصی ٹیمیں قاتلوں کو تلاش کررہی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے خودسپردگی اختیار کرلی ہے۔ تاہم پولیس نے اس بات کی توثیق نہیں کی اور مصروف تحقیقات ہے۔ع